پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائیٹ کریش کر گئی
- September 8, 2020 2:28 pm PST
لاہور: پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائیٹ دو روز سے بند ہے جس کی وجہ سے ملازمتوں کے لیے آن لائن درخواستیں جمع کرانے کے خواہش مند اُمیدواروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائیٹ بند ہونے سے لیکچررز کی آسامیوں پر درخواستیں جمع کرانے والے امیدوار پریشانی میں مبتلا ہیں۔ سرکاری کالجوں میں لیکچررز کیلئے آن لائن اپلائی کرنے کی آج آخری تاریخ ہے۔
آن لاین اپلائی کرنے کیلئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ اوپن نہیں ہو رہی جس کے باعث فارم جمع نہیں ہورہے۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن نے کالجوں میں بھرتیوں کیلئے 2451 نشستوں کا اعلان کر رکھا ہے۔
پریشانی میں مبتلا ہزاروں امیدواروں نے کمیشن حکام سے ویٹ سائیٹ فنکشنل کرانے کا مطالبہ کیا ہے اور فارم جمع کرانے کی تاریخ میں بھی دو روز تک توسیع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سرکاری کالجوں میں لیکچررز کی آسامیوں پر درخواستیں جمع کرانے والے اُمیدواروں کا کہنا ہے کہ ویب سائیٹ فنکشنل نہ ہوئی تو ہمارا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا۔ وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کہتے ہیں کہ وہ چیئرمین کمیشن سے بات کر کے درخواست جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کرائیں گے۔