پنجاب میں ایم پی اے تحریک انصاف بلال اصغر کی جعلی ڈگری کا انکشاف
- October 23, 2018 11:31 pm PST
لاہور: آمنہ مسعود
پنجاب حکومت میں جعلی ڈگری ہولڈر ایم پی اے کا انکشاف ہوا ہے۔ 22 اکتوبر کو پنجاب اسمبلی میں حلف لینے والے پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے چودھری بلال اصغر کی انٹرمیڈیٹ اور بی اے کی ڈگریاں جعلی ہیں۔
آزاد حیثیت سے الیکشن جیت کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ایم پی اے چودھری بلال اصغر نے پنجاب اسمبلی میں حلف اُٹھا لیا ہے۔ تعلیمی زاویہ کو دستیاب دستاویزات کے مطابق چودھری بلال اصغر نے انٹرمیڈیٹ کی جعلی ڈگری کی بنیاد پرپنجاب یونیورسٹی سے بی اے کی ڈگری حاصل کی۔
ایم پی اے چوہدری بلال اصغر نے فیصل آباد بورڈ سے 1996ء میں رول نمبر 11198 کے تحت انٹرمیڈیٹ کی جعلی ڈگری بنوا رکھی تھی اس ڈگری کی بنیاد پر اُن کی جانب سے پنجاب یونیورسٹی میں بی اے کا داخلہ فارم جمع کرایا گیا، جھوٹے کاغذات کا سہارا لے کر چوہدری بلال اصغر 1997ء میں پنجاب یونیورسٹی کے بی اے کے امتحان میں شریک ہوئے۔
پنجاب یونیورسٹی نے 2015ء میں جعلی ڈگری سے متعلق انکوائری کی جس دوران انکشاف ہوا کہ فیصل آباد بورڈ سے 1996 میں جعلی انٹرمیڈیٹ کی ڈگری بنوائی پھر اس ڈگری کی بنیاد پر پنجاب یونیورسٹی سے بی اے کا امتحان پاس کیا۔ پنجاب یونیورسٹی نے انکوائری کمیٹی تشکیل دی اور اس کی رپورٹ کے مطابق چودھری بلال اصغر کی انٹرمیڈیٹ کی جعلی ڈگری ہے۔
فیصل آباد بورڈ نے تصدیق کی کہ جس رول نمبر کے تحت بلال اصغر نے انٹر کی ڈگری بنوائی ہے وہ جعلی ہے، رپورٹ کی روشنی میں 29 جولائی 2015ء کو بی اے کا رزلٹ منسوخ کر دیا گیا تھا۔پنجاب یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ نے 2015ء میں جعلی رزلٹ کارڈ منسوخ کرنے کی منظوری دی تھی۔
چوہدری بلال اصغر نے سابق جنرل سیکرٹری تحریک انصاف جہانگیر ترین کے ہمراہ عمران خان سے ملاقات کی تھی اور اس کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔