سرکاری کالجوں میں کمپیوٹر اور سائنس لیبز کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ
- June 16, 2017 12:39 pm PST
راولپنڈی
محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے 40 کروڑ کی لاگت سے لاہور سمیت پنجاب کے کالجز کی کمپیوٹر اور سائنس لیب کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ کرلیا، منصوبے پر نئے مالی سال کے آغاز سے کام شروع کر دیا جائے گا۔
لاہور سمیت پنجاب بھر کے بیشتر کالجز میں قائم کمپیوٹر اور سائنس لیبارٹریز میں سہولیات کا فقدان ہے۔ سہولیات پورا کرنے کیلئے محکمہ ہائر ایجوکیشن نے جامع منصوبہ تشکیل دے دیا ہے۔ مذکورہ منصوبے کے تحت تمام کالجز میں موجود لیبز کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب نے منصوبے کے لیے نئے مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں 40 کروڑ کی خطیر رقم مختص کی ہے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے افسران کا کہنا تھاکہ کالجز میں کمپیوٹر اور سائنس لیبز کی سہولیات نہ ہونے کے مترادف ہےجس کے باعث طلبہ پریکٹیکل فیلڈ میں بہت پیچھے ہیں۔ عالمی تعلیمی معیار کے مطابق پریکٹیکل نصاب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ منصوبے پر نئے مالی سال کے آغاز میں کام شروع کر دیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت لیبز میں جدید کمپیوٹرز جبکہ سائنس لیبز میں جدید آلات طلبا کو پریکٹیکل ورک کے لیے فراہم کیے جائیں گے تاکہ طلبہ تھیوری کے ساتھ ساتھ پریکٹیکل ورک کو بھی بہتر طریقے سے سمجھ سکیں۔