پنجاب: 3 ڈویژن کے سرکاری سکولز میں نصب سولر منصوبوں کے آڈٹ کا حکم
- November 22, 2018 10:06 pm PST
لاہور: حکومت پنجاب نے قائد اعظم سولر منصوبے کے فرانزک آڈٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ اسکولز سولر منصوبے کی بھی فزیکل ویریفیکیشن کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
اس ضمن میں وزیر توانائی اختر ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ سے قائد اعظم سولر منصوبے کے فرانزک آڈٹ کی منظوری حاصل کی جائے گی جبکہ جمعہ کے روز پنجاب کابینہ کو توانائی کے شعبے میں سابق حکومت کی بے ضابطگیوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں کو سولر پر منتقل کرنے کے منصوبے سے بھی کابینہ کو آگاہ کیا جائے گا۔ وزیر توانائی کا اسی مناسبت سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قائد اعظم سولر پارک منصوبے میں بڑے پیمانے پر قومی خزانے کونقصان پہنچایا گیا۔
پنجاب کے تین ڈویژنز میں اسکولوں کو سولر پر منتقل کرنے کے منصوبے کی بھی تصدیق کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے اس منصوبے کے تحت صوبہ پنجاب کی تین شہروں ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز میں تمام اسکولوں کو سولر پر منتقل کرنا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق حکومت نے ملتان اور بہاولپور میں اسکولوں کو سولر کو منتقل کرنے کا دعوی کیا تھا اس بارے میں تمام سکولز کی فزیکل تصدیق کے احکامات دے دیئے ہیں۔