شان رحمت للعالمین مقابلوں میں طلباء کے ساتھ حکومت کا فراڈ
- October 18, 2021 1:35 am PST
لاہور، خصوصی نمائندہ
پنجاب حکومت کے تحت صوبے کے سرکاری کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء کے درمیان شان رحمت الالعالمین مقابلوں کا انعقاد ہوا، ڈسٹرکٹ کی سطح پر پوزیشن لینے والے طلباء کا فائنل راؤنڈ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہوا۔
فائنل مقابلوں میں سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب جاوید اقبال بخاری، وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی ، ڈی پی آئی کالجز پنجاب ڈاکٹر عاشق حسین، ڈائریکٹر کالجز لاہور سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔
مقابلوں میں حتمی پوزیشن لینے والے طلباء کے ساتھ پنجاب حکومت نے دھوکہ کیا اور ان طلباء کو صرف علامتی شیلڈز سے نوازا گیا، کیمروں میں تصاویر اتروانے کے بعد پوزیشن ہولڈرز سے شیلڈز واپس لے لی گئیں۔
پنجاب حکومت نے شان رحمت الالعالمین مقابلوں کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامی رقوم کی تقسیم کا بھی اعلان کیا، پہلی پوزیشن پر 15 ہزار روپے، دوسری پوزیشن کیلئے 10 ہزار جبکہ تیسری پوزیشن کے لیے 5 ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم پوزیشن ہولڈرز کو یہ انعامی رقوم بھی نہیں دی گئیں۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں دیگر شہروں سے آنے والے طلباء نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ طلباء کا موقف تھا کہ انھیں صرف سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے جبکہ شیلڈز تصویر بنوانے کے بعد واپس لے لی گئی، اُنھیں حیرانی ہے کہ صوبائی سطح پر ہونے والے اتنے بڑے نعتیہ اور قراءت کے مقابلوں میں ان سے فراڈ کیا گیا۔