پنجاب: چائنہ کیلئے دو سالہ لینگوئج سکالر شپ کا شیڈول جاری
- May 21, 2017 1:21 pm PST
بہاولپور
حکومت پنجاب کی جانب سے پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں چینی زبان کو عام کرنے کے لیے چائینز لینگوئج سکالر شپ بیچ فور کا اعلان کر دیا ہے۔ چینی زبان سیکھنے کے خواہشمند طلباء کو چین کی نامور یونیورسٹیوں میں حکومت کے خرچہ پر بھیجا جائے گا اور اس کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے اب 155 طلباء کو چینی زبان سیکھنے کے لیے چین بھیجا جائے گا جبکہ حکومت اس سکیم کے تحت دسمبر 2015ء اور مئی 2016ء میں 345 طلباء کو چین بھیج چکی ہے جو وہاں کی یونیورسٹیز میں زیر تعلیم ہیں۔
شرائط و ضوابط
درخواست دینے کے خواہشمند طلباء کے لیے لازمی ہے کہ اُن کی 14 سالہ تعلیم ہو اور گریجویشن میں فرسٹ ڈویژن کی شرط عائد ہے جبکہ تمام تعلیمی کیرئیر میں کوئی بھی تھرڈ ڈویژن ہونے پر درخواست مسترد کر دی جائے گی۔ درخواست جمع کراتے وقت اُمیدوار کی عمر کی حد 22 سال سے 24 سال تک مقرر کی گئی ہے۔
ابتدائی طور پر شارٹ لسٹ کیے گئے طلباء کو پاکستان کے مقامی اداروں یا یونیورسٹی میں تین ہفتوں کا چینی زبان کا شارٹ کورس لازمی کرنا ہوگا جس کے بعد ان طلباء کے انٹرویوز اور تحریری امتحان بھی لیا جائے گا۔ اس امتحان میں کامیاب ہونے والے اُمیدواروں کو چین بھیجا جائے گا۔
اُمیدواروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کی ویب سائٹ پر جاکر اپنی درخواستیں جمع کرائیں اور درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ بیس جون مقرر کی گئی ہے۔
پنجاب حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان سکالر شپ کے لیے جنوبی پنجاب کے لڑکے اور لڑکیوں کو ترجیح دے گی۔
چین میں دو سالہ کورس مکمل کرنے کے بعد کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کو واپسی پر پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمتیں دی جائیں گی۔