چولستان: پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے 30 موبائل سکول کھولنے کا منصوبہ
- July 18, 2017 5:45 pm PST
بہاولپور
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف )چولستانی بچوں کی اعلیٰ معیار کی حامل مفت تعلیم کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔اس سلسلے میں چولستان کے مستقل رہائش پذیر گھرانوں کے ساتھ ساتھ خانہ بدوش بچوں کو تعلیم سے روشناس کروانے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔
پیف کے نیو سکول پروگرام میں پہلے سے موجود دس موبائل سکولوں کی کامیابی کے بعد اس تعلیمی سلسلے کی توسیع کی غرض سے نئے موبائل سکول اور فارمل کمیونٹی سکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چولستانی علاقوں کے مقامی افراد کو ان سکولوں کے انتظامی امور کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن تحصیل لیاقت پور اور خان پور(ضلع رحیم یار خان)،تحصیل فورٹ عباس(ضلع بہاولنگر)اور تحصیل منڈی یزمان(ضلع بہاولپور)کے چولستانی علاقوں سے درخواستیں جمع کروانے کے لیے آخری تاریخ 21جولائی مقرر ہے۔
ان علاقوں میں سکول کھولنے کے لیے مجوزہ مقامات کی تفصیلات پیف ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مالی تعاون سے چولستان میں مزید 30موبائل سکول اور 47 فارمل کمیونٹی سکول کھولے جائیں گے تاکہ اس صحرائی علاقے کے پسماندہ علاقوں میں موجودبچوں کو بھی پاکستانی شہریوں کی حیثیت سے مفت و معیاری تعلیم جیسابنیادی حق مل سکے ۔