وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کا گورنر کے اختیارات استعمال کرنے کا انکشاف
- April 21, 2017 2:53 pm PST
سید سجاد کاظمی
پنجاب یونیورسٹی کے قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے گورنر پنجاب کی منظوری کے بغیر ہی ریٹائرڈ پروفیسر کو ڈین تعینات کر دیا۔ ڈاکٹر سید محمداویس کو فیکلٹی آف میڈیسن کا ڈین لگا دیا گیا ہے۔
پنجاب یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے گورنر پنجاب کےا ختیارات استعمال کرتے ہوئے ریٹائرڈ پروفیسر کو ڈین تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی نے وائس چانسلر کے حکم پر یہ نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق وائس چانسلر نے ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر سید محمد اویس کو ڈین کا چارج دیا ہے جبکہ وہ یونیورسٹی میں کنٹریکٹ پر تعینات کیے گئے ہیں۔
جبکہ نوٹیفکیشن میں واضح کہا گیا ہے کہ وہ11اپریل سے ڈین کے عہدے پر تعینات ہیں،، جب تک یونیورسٹی میں فیکلٹی آف میڈیسن کا مستقل ڈین تعینات نہیں کیا جاتا۔ واضح رہے کہ پنجاب یونیورسٹی ایکٹ 1973ء کے تحت گورنر پنجاب کی جانب سے بطور چانسلر منظوری کے بغیر ڈین تعینات نہیں کیا جاسکتا۔
ڈاکٹر سید محمد اویس کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے سابق پروفیسر آف آرتھوپیڈک رہ چکے ہیں، اُنہیں تمغہ امتیاز کے علاوہ اُن کے نام پر میئو ہسپتال میں سید محمد اویس آرتھو پیڈک وارڈ منسوب کیاگیا ہے۔