بلوچستان کا تعلیمی ڈھانچہ مستحکم کرنا ناگزیر ہے، صدر ممنون حسین

  • December 31, 2017 4:01 pm PST
taleemizavia single page

کوئٹہ: صدر ممنون حسین نے کیڈٹ کالج اورماڑہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیار ی تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی بھر پور توجہ دینی چاہیے۔

کیڈ ٹ کالج اورماڑہ میں دوسرے’یوم والدین‘ کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر پاکستان ممنون حسین تھے۔ مہمان خصوصی کی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ان کا خیر مقدم کیا۔

cadet college1

صدر مملکت نے اس موقع پر بلوچستان میں تعلیمی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کیڈ ٹ کالج اورماڑہ کے قیام پر پاک بحریہ کو مبارک باد پیش کی اور ساحل مکران پر بسنے والی مقامی آبادی کے معیار تعلیم کو بلند کرنے اور ان کی سماجی و معاشی بہبود کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے ساحلی پٹی پر پاک بحریہ کی جانب سے شروع کیے جانے والے فلاحی منصوبوں اور کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ صدر مملکت نے مزید کہاکہ اورماڑہ میں ایک معیاری تعلیمی ادارے کا قیام ساحلی علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کا مظہر ہے جو یقینا ًقابل تعریف ہے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ بلوچستان میں شروع کیے گئے متعدد ترقیاتی منصوبے بشمول گوادر پورٹ اور سی پیک ، صوبے سے بے روزگاری اور غربت کے خاتمے میں مدد گار ثابت ہوں گے تاہم ان فوائد کا حصول صوبے میں تعلیم کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔

cadet college2

تقریب میں پرنسپل کیڈٹ کالج اورماڑہ کموڈور مسعود الحسن بھی شریک تھے جنہوں نے تقریب میں شرکت پر مہمان خصوصی اور کیڈٹس کے والدین کا شکریہ ادا کیا اور کالج کی اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر کیڈٹس نے پی ٹی، جمناسٹک، مارشل آرٹ اور رائفل ڈرل کا مظاہرہ پیش کیا۔ علاوہ ازیں سائنس اور آرٹس کی نمائش کی بھی اہتما م کیا گیا تھا۔

تقریب میں اعلیٰ حکومتی اور فوجی حکام اور کیڈٹس کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *