پنجاب کے 18 کالجز کی نجکاری کیخلاف پروفیسرز کا لاہور میں احتجاج
- November 8, 2021 8:10 pm PST

لاہور، تعلیمی زاویہ
پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے لاہور سمیت پنجاب کے 18 سرکاری کالجوں میں آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کو نجکاری کا راستہ قرار دیا ہے۔
گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ سے بھیکے وال موڑ تک کالج اساتذہ نے احتجاجی ریلی نکالی، اس ریلی میں پیپلا کے صدر ڈاکٹر طارق کلیم سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔
اساتذہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے پنجاب کے 22 بڑے بوائز اور گرلز کالجز کے اساتذہ کی تنخواہیں اے جی آفس سے نکال کر آسان اکاؤنٹ میں ڈال دیں ہیں جو کہ کالجز کی نجکاری کی طرف پہلا قدم ہے۔
احتجاجی اساتذہ کا کہنا تھا کہ 2010ء میں بورڈ آف گورنرز بنا کر کالجز کی نجکاری کی کوشش کی گئی تھی جس کے خلاف اساتذہ،طلبہ،سول سوسائٹی اور والدین کے شدید احتجاج کے بعد اُس وقت کی حکومت نے یہ فیصلہ واپس لیا تھا۔
اساتذہ کا کہنا تھا کہ حکومت اکاؤنٹ آفس سے اساتذہ کی تنخواہیں بن کے آسان اکاؤنٹ سکیم کے نام پر کالجز کو پرائویٹائز کر کے غریب طلبہ پہ اعلیٰ تعلیم کے دروازے بند کرنا چاہتی ہے۔
طالب علم رہنما حفیظ الرحمن نے کہا کہ کالجز کی خودمختاری کے نام پر اعلیٰ تعلیم کو مہنگا کرنے کا منصوبہ ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔سرکاری کالجز غریب طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا واحد ذریعہ رہ گۓ ہیں جنہیں چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اساتذہ اور طلبہ رہنماؤں نے کہا کہ یہ ٹوکن احتجاج ہے اگر حکومت نے یہ فیصلہ واپس نہ لیا تو پنجاب بھر کے اساتذہ اور طلبہ اس کے خلاف بھر پور احتجاج کریں گے۔