غیر تصدیق شدہ ڈگریاں؛ پنجاب کی نجی جامعات کے سربراہان کا اجلاس
- September 13, 2017 8:31 pm PST
لاہور
پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے صوبے کی تمام نجی جامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور بورڈ آف گورنرز کے چیئرمینز کا اجلاس طلب کیا ہے یہ اجلاس کل لاہور میں پی ایچ ای سی سیکرٹیریٹ میں منعقد ہو گا۔
نجی جامعات کی منظور شدہ ڈگریوں کی کوالٹی سمیت غیر منظور شدہ پروگرامز میں داخلوں سے پیدا ہونے والے سنگین مسائل کے ایجنڈے پر بحث ہوگی۔
پی ایچ ای سی کی جانب سے تمام نجی یونیورسٹیز کے سربراہان کو اس اجلاس میں شرکت کرنے کا پاپند بنایا گیا ہے۔ اس اجلاس میں محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے سیکرٹری سمیت اہم افسران کی بھی شرکت ہوگی۔
اس اجلاس میں لاہور کے دو متنازعہ تعلیمی اداروں کو بھی مدعو کیا گیا جس میں امپریل کالج آف بزنس اسٹڈیز لاہور اور گلوبل انسٹیٹیوٹ لاہور شامل ہیں۔ مذکورہ اداروں پر ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے داخلوں پر پاپندی عائد کی گئی ہے۔
ان نجی جامعات میں علی انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن لاہور،ایف سی کالج لاہور، ہائی ٹیک یونیورسٹی ٹیکسلا، انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز، لاہور سکول آف اکنامکس، لاہور لیڈز یونیورسٹی، نیشنل کالج آف بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ اکنامکس لاہور شامل ہیں۔
قرشی یونیورسٹی لاہور، یو ایم ٹی لاہور، یونیورسٹی آف لاہور، یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیاء، بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی، گفٹ یونیورسٹی گجرانوالہ، ہجویری یونیورسٹی لاہور، انسٹیٹیوٹ آف سدرن پنجاب ملتان، لاہور گیریژن یونیورسٹی، منہاج یونیورسٹی کے سربراہان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
سپیرئیر کالج لاہور، یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب، یونیورسٹی آف فیصل آباد اور یونیورسٹی آف واہ کے سربراہان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس اجلاس میں نور انٹرنیشنل یونیورسٹی لاہورکو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ اس یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنر کے چیئرمین ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی ہیں جو پرائیویٹ یونیورسٹیز ایکریڈ یٹیشن کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب کی 24 پرائیویٹ یونیورسٹیز میں سے 19 یونیورسٹیز لاہور میں ہیں۔