پی ایچ ڈی سکالرز کا فیلو شپ اعزازیہ تین مہینے سے بند
- October 7, 2018 6:03 pm PST
ممبئی: بھارت کی نامور جامعات سے پی ایچ ڈی کرنے والے سکالرز کا تین مہینے سے اعزازیہ بند کر دیا گیا ہے، یہ اعزازیہ پرائم منسٹر ریسرچ فیلو شپ سکیم کے تحت بھارتی سکالرز کو دیا جارہا تھا۔
ذہین طلباء کو بھارت کی نامور جامعات جس میں انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، انڈین انسٹیٹیوٹ آف سائنس اور انڈین انسٹیٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ میں داخل ہونے والے پی ایچ ڈی سکالرز کو 70 ہزار روپے سے 80 ہزار روپے ماہانہ سکالر شپس دی جارہی ہے۔
یہ سکالر شپ پی ایچ ڈی سکالرز کو 4 سال سے لے کر 5 سال تک دینے کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا جس کا اطلاق رواں سال جولائی سے کیا گیا۔
ان سکالرز کو ہر سال 2 لاکھ روپے ریسرچ گرانٹ دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ پرائم منسٹر ریسرچ فیلو شپ سکیم کے تحت داخل ہونے والے سکالرز کو یہ گرانٹس اور سکالر شپ دی جارہی ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق تین مہینے سے حکومت کی جانب سے یہ سکالر شپ نہیں مل رہی۔ ایچ آر ڈی کے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن سبھرا مانیام کا کہنا ہے کہ 7 کروڑ 80 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کر دی گئی ہے، انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ مسئلہ عارضی طور پر پیدا ہوا ہے۔
بھارت کے تمام صوبوں سے اس سکیم کے لیے 135 سکالرز کو منتخب کیا گیا تھا۔