پنجاب میں پرائمری و مڈل امتحان کی رجسٹریشن کا شیڈول جاری
- October 10, 2018 11:13 pm PST
ملتان: پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے تحت امتحان 2019ء کیلئے رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا،سرکاری سکولوں کے بچوں کیلئے پیک کا امتحان دینا لازمی ہوگا، پرائمری اور مڈل کا امتحان دینے کیلئے رجسٹریشن 30 نومبر تک کرائی جاسکے گی۔
اس ضمن میں پیک کی جانب سے سرکاری و نجی سکولوں کے سربراہان کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے. پرائمری اور مڈل کا امتحان فروری 2019 میں لیا جائے گا، امتحان فروری کے پہلے ہفتے میں شروع ہوگا اور امیدوار 30 نومبر تک رجسٹریشن کراسکیں گے۔
پنجاب میںگزشتہ برس پرائمری و مڈل امتحانات میں مجموعی طور پر 24 لاکھ طلباء نے شرکت کی تھی. پیک حکام نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے امیدوار قریبی کلسٹرسنٹرمیں رجسٹریشن کراسکیں گے جبکہ سب سے زیادہ کلسٹر سنٹرز لاہور میں قائم کیے گئے ہیں جن کی تعداد 40 ہے.
پیک حکام کا کہنا تھا کہ تمام سکول بچوں کے امتحان کیلئے مقررہ وقت سے قبل رجسٹریشن کروالیں، مقررہ تاریخ کے بعد کسی کا داخلہ وصول نہیں کیا جائے گا۔