میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے قومی سطح پر مشترکہ انٹری ٹیسٹ کا فیصلہ
- September 25, 2020 8:58 pm PST
اسلام آباد: پاکستان کے تمام صوبوں کے میڈیکل کالجوں میں داخلوں کے لیے مشترکہ انٹری ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ ٹیسٹ پاکستان میڈیکل کمیشن کے تحت لیا جائے گا
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کمیشن تحلیل ہونے کے بعد داخلوں کا طریقہ کار بھی تبدیل کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیکل کمیشن دو اکتوبر کو قومی سطح پر مشترکہ انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کا شیڈول جاری کرے گا۔
پاکستان میڈیکل کمیشن کی ویب سائیٹ پر کیے گئے اعلان کے مطابق صوبوں کو میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ لینے کا اختیار نہیں ہوگا اور صوبائی سطح پر ہیلتھ یونیورسٹیز کی جانب سے منعقد ہونے والے ٹیسٹ ختم کر دیے گئے ہیں۔
پاکستان میڈیکل کمیشن کے اس فیصلے کے بعد، پنجاب میں اٹھارہ اکتوبر کو منعقد ہونے والے انٹری ٹیسٹ کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
پاکستان میڈیکل کمیشن نے اس ٹیسٹ کو نیشنل ایم ڈی کیٹ کا نام دیا ہے، اس ٹیسٹ کے لیے نصاب اور امتحانی طریقہ کار کا تعین بھی کمیشن کی جانب سے کیا جائے گا۔
پاکستان میڈیکل کمیشن نے بیرون ممالک سے ایم بی بی ایس کی ڈگری مکمل کرنے والے ڈاکٹرز کا این ای بی امتحان بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ کمیشن دو ہفتوں بعد این ای بی امتحانات کا شیڈول جاری کرے گا۔