وزیر ہائر ایجوکیشن سے سرد جنگ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب تبدیل
- August 8, 2017 2:01 pm PST
لاہور
محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب میں سیکرٹری کے عہدے پر تعینات کیپٹن ریٹائرڈ نسیم نواز کو تبدیل کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ نیا سیکرٹری ہائر ایجوکیشن تعینات کر دیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد نبیل احمد اعوان کو نیا سیکرٹری ہائر ایجوکیشن تعینات کر دیا ہے۔
نبیل احمد اعوان کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ سے ہے اور وہ وزیر اعظم پاکستان کے پی ایس او تعینات تھے جنہیں اب سیکرٹری ہائر ایجوکیشن تعینات کیا گیا ہے۔ تبدیل کیے گئے سیکرٹری نسیم نواز کو 25 جولائی 2016ء میں محکمہ ہائر ایجوکیشن میں تعینات کیا گیا تھا۔
نبیل احمد اعوان کی خدمات کو حکومت پاکستان نے 31 جولائی 2017ء کو پنجاب حکومت کے حوالے کر دیا تھا جو اب محکمہ ہائر ایجوکیشن میں سیکرٹری تعینات ہوئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی اور سابق سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کے درمیان سرد جنگ تھی اور وزیر ہائر ایجوکیشن کے اکثر احکامات پر نسیم نواز کی جانب سے عمل درآمد نہیں کیا جاتا تھا جس پررضا علی گیلانی نالاں تھے اس کے باوجود رضا علی گیلانی نے وزارت سنبھالنے کے بعد امورچلاتے رہے۔