لاہور لیڈز یونیورسٹی کے طلباء کا نظریہ پاکستان ٹرسٹ کا دورہ
- May 2, 2017 6:33 pm PST
لاہور
یوم اقبال کے سلسلے میںلاہور لیڈز یونیورسٹی شعبہ سیاسیات کے طلبا و طالبات کا لیکچرار خدیجہ فراز قصوری کی زیر نگرانی نظریہ پاکستان ٹرسٹ کا مطالعاتی دورہ۔اس موقع پر سٹوڈنٹس کو تحریک پاکستان کے قائدین او ر شاعر مشرق،عظیم فلسفی علامہ محمد اقبال کی تاریخی اور نادر تصاویر و خطوط دکھائے گئے۔
تصویری کہانیوں کے سفر سے برصغیر کے مسلمانوں کی حالت زار، ہندﺅںکے مظالم، آزادی کے تصور، آزادی کی انتھک محنت، مال و متاع کی قربانیوں اور تصور پاکستان کے خالق سے آج کے نوجوانوں کو روشناس کرایا گیا۔
اقبال اور آج کے شاہینوں کے موضوع پر منعقدہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے خدیجہ فراز نے کہا کہ عظیم علامہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خرد کو غلامی سے آزاد کر، نوجوانوں کو پیروں کا استاد کر۔
اس شعر کی مناسبت سے نوجوانوں کی اہمیت اور کردارکے بارے میں واضع انقلابی خیالات سمجھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقبال کی فکر کے نوجوان جو ستاروں پر کمندیں ڈال سکتے ہیں وہ کہاں ہیں ؟
ہم اپنے ہونے کا مقصد کیوں بھول چکے ہیں؟ فلسفہ خودی کو سمجھ کر اپنی اصلاح کرنا چاہیے۔تاکہ ملک و قوم کی ترقی میں حصہ ڈال سکیں۔ تقریب کے آخر میں ٹرسٹ کی طرف سے طلباو طالبات کو فکر اقبال پر مبنی کتب کے تحائف دیئے گئے۔
طلباء کے وفد کے دورے کے موقع پر ابصار عبدالعلی،شاہد رشید اور حافظ محبوب عالم بھی موجود تھے۔