خیبر پختونخوا: آٹھویں کی طالبہ حنا گل کا سکول میں قتل کر دیا گیا
- December 1, 2017 12:27 am PST
پشاور
صوابی کے ایک سکول میں چاقو سے مسلح شخص نے ایک طالبہ کو قتل جبکہ دوسری کو زخمی کر دیا۔
ڈاگئی پولیس کے مطابق ہلال نامی شخص نے صبح کے وقت گورنمنٹ گرلز کمیونٹی ماڈل سکول محب بانڈہ کی دیوار پھلانگنے کے بعد حنا گل اور شوانہ نامی دو طالبات کو چاقو کے وار کرکے زخمی کردیا جنہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں حنا گل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
پولیس کے مطابق پانچویں جماعت کی طالبہ شوانہ ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔
پولیس کامزید کہنا تھا کہ واقعہ کے فوری بعد ملزم گرفتار کو گرفتار کیا ہے ابتدائی تفتیش میں جسے ذہنی عدم توازن کا شکار پایا گیا۔ دواسری جانب صوبائی وزیرتعلیم عاطف خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی تعلیم افسر سے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کی ہے۔
خیال رہے کہ حملہ آور کے والدین سکول ہذٰا میں درجہ چہارم کے ملازمین ہیں جن سے ملنے ملزم اکثر سکول آیا کرتا تھا۔