کوہاٹ :میڈیکل کی طالبہ کا قاتل پی ٹی آئی صدر کا رشتے دار
- January 29, 2018 11:19 pm PST
کوہات
کوہاٹ میں رشتے کے تنازع پر میڈیکل کی طالبہ عاصمہ کے قتل کا ملزم مجاہد آفریدی بیرون ملک فرار ہوگیا۔ ترجمان خیبرپختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ مجاہد آفریدی واردات کے فوری بعد اسلام آباد ائرپورٹ کے راستے سعودی عرب فرار ہوا ۔
پولیس ترجمان کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے سے انٹرپول کے ذریعے ملزم کی گرفتاری کے لیے رابطہ کیا گیا ہے، ڈی پی او کوہاٹ کی نگرانی میں خصوصی تفتیشی ٹیم واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور کیس کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مقتول عاصمہ نے مرنے سے پہلے بتایا کہ اس پر گولیاں مجاہد آفریدی نے برسائیں، مقتول کے والد نے دہائی دی کہ قتل کرنے والے طاقتور سیاسی لوگ ہیں۔ عاصمہ کے قتل میں نامزد ملزم مجاہد آفریدی صوبے کی حکمران جماعت تحریک انصاف کے ضلعی صدر آفتاب عالم کا بھتیجا ہے ۔
تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ میڈیکل کی طالبہ کے قتل میں پی ٹی آئی کوہاٹ کے ضلعی صدر کے رشتے دار کا نام آرہا ہے ،کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو ، قانون سے بالاتر نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آفتا ب عالم کے گھر متعدد چھاپے پڑچکے ہیں ،ملزم مجاہد اللہ آفریدی ایک سال سے بیرون ملک تھا وہ کب واپس آیا اس کی تحقیقات کررہے ہیں۔
شہریار آفریدی نے یہ بھی کہا کہ عاصمہ رانی قتل پر سیاست کرنے والوں پر اللہ کی لعنت ہو۔ عاصمہ رانی کو رشتے سے انکار پر مجاہد اللہ نامی شخص نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جس کا اظہار عاصمہ نے اپنے ویڈیو بیان میں بھی کیا تھا۔