کراچی یونیورسٹی: کنٹرولر امتحانات اور رجسٹرار عہدے سے فارغ

  • July 15, 2017 1:27 pm PST
taleemizavia single page

کراچی

جامعہ کراچی کے کنٹرولر امتحانات کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، کنٹرولر امتحانات پر الزام ہے کہ اُنہوں نے میڈیکل نتائج تبدیل کر کے جرمانہ وصول کرنے کے بعد طلباء کو پاس کیا تھا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ارشد اعظمی نے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصر کے دور میں طلباء سے تین تین لاکھ روپے جرمانہ کے عوض بغیر امتحان لیے میڈیکل کے فیل طلباء کو پاس کیا۔

ڈاکٹر ارشد اعظمی پر الزام ہے کہ میڈیکل کے نتائج کی تیاری میں از خود ہی ہیڈ ٹیبولیٹر بن جاتے تھے اور کسی دوسرے اُستاد کو یہ ذمہ داری نہیں سونپی جاتی تھی جبکہ ان کے دور میں نتائج کی کاپیاں تبدیل کرنے کی متعدد شکایات بھی آن ریکارڈ ہیں۔

واضح رہے کہ یہ انکشاف اُس وقت ہوا جب موجودہ وائس چانسلر کو ایک طالبہ کی جانب سے درخواست جمع کرائی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ماضی میں جرمانہ وصول کر کے طالبعلم پاس کیے گئے ہیں لہذا اسی اُصول پر اُسے بھی پاس کیا جائے۔

موجودہ وائس چانسلر نے اس درخواست کو مسترد کر دیا جس کے بعد طالبہ صوبائی متحسب کے پاس چلی گئی۔ صوبائی محتسب نے ماضی کے ریکارڈ کی بناء پر طالبہ کو پاس کرنے کے احکامات جاری کر دیے تاہم موجودہ انتظامیہ نے یہ کیس گورنر سندھ کو بھجوا دیا ہے۔

تاہم اس دوران ابتدائی انکوائری کے فوری بعد ڈاکٹر ارشد اعظمی کو عہدے سے فارغ کر دیا گیا اور ان کی جگہ ڈاکٹر عرفان عزیز کو کںٹرولر امتحانات تعینات کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عرفان عزیز کا تعلق کراچی یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ہیلوفائٹ سے ہے اور ٹی ٹی ایس پر ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں۔ ایچ ای سی ضوابط کے تحت ٹی ٹی ایس پروفیسر کو انتظامی عہدے پر تعینات نہیں کیا جاسکتا۔

خیال رہے کہ برطرف کنٹرولر ڈاکٹر ارشد اعظمی ان دنوں اپنی چھٹیوں پر امریکہ کے دورے پر ہیں۔

دوسری جانب رجسٹرار پروفیسر نبیل زبیری نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل سے اختلافات ہونے کی بناء پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور ان کی جگہ ٹینور ٹریک سسٹم کے ایسوسی ایٹ پروفیسر منور رشید کو وائس چانسلر نے رجسٹرار کے عہدے پر تعینات کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ پروفیسر منور رشید نے یونیورسٹی کے خلاف شعبہ میرین بائیولوجی میں پروفیسر کے عہدے پر عدالت میں مقدمہ بھی دائر کر رکھا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *