انگریزی ادب میں پرائیویٹ ایم اے ڈگری ختم کرنے کا فیصلہ
- August 26, 2017 12:02 pm PST
کراچی
جامعہ کراچی کے بورڈ فیکلٹی آف سوشل سائنسز نے انگریزی ادب کے مضمون میں پرائیویٹ ایم ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے سفارشات حتمی منظوری کے لیے یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل میں بھجوا دی گئی ہیں۔
اکیڈمک کونسل سے منظوری کی صورت میں جامعہ کراچی سے انگریزی مضمون میں پرائیویٹ ایم اے ختم ہو جائے گا اور پرائیویٹ طور پر طلباء کیلئے یہ سہولت ختم کر دی جائے گی۔
انگریزی ادب میں پرائیویٹ ایم اے ختم کرنے کی سفارش رئیس کلیہ پروفیسر ڈاکٹر احمد قادری کی زیر صدارت منعقدہ بورڈ فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے اجلاس میں پیش کی گئی۔
ابتدائی طور پر پرائیویٹ ایم اے ڈگری ختم کرنے کی سفارش شعبہ انگریزی کی چیئرپرسن فرحانہ وزیر کی جانب سے پیش کی گئی تھی جس پر شعبے کے کئی سینئر پروفیسرز نے اعتراض کرتے ہوئے اسے بنیادی انسانی حقوق اور خاص طور پر طلباء حقوق سے متصادم بھی قرار دیا۔
تاہم اجلاس میں متعدد اساتذہ کا نقطء نظر یہی تھا کہ پرائیویٹ بنیادوں پر انگریزی ادب میں ایم اے کی ڈگری ختم کر دی جائے کیونکہ پرائیویٹ ڈگری کا سٹیٹس کسی بھی طور پر ریگولر ڈگری کرنے والے طلباء کے مساوی نہیں ہوسکتا۔
بورڈ کے اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ایم اے انگریزی ادب کی پرائیویٹ ڈگری پر پاپندی عائد کی جائے۔
اجلاس میں یہ نقطء بھی زیر بحث لایا گیا کہ انگریزی ادب میں پرائیویٹ امتحان دینے کے لیے طلباء کی اینرولمنٹ کی شرح تو زیادہ ہے تاہم اس مضمون میں پاس ہونے کی شرح انتہائی کم ہے۔
رئیس کلیہ سماجی علوم ڈاکٹر احمد قادری کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کی حتمی منظوری جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل دے گی جہاں یونیورسٹی کی تمام کلیات کے سینئر پروفیسرز موجود ہوں گے۔