پنجاب:کالج اساتذہ تبادلوں کی 2 ہزار درخواستیں، صرف 226 نام فائنل

  • August 20, 2017 9:34 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب میں کالجوں کے لیکچررز کے تبادلوں کے لیے دو ہزار درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے دو سو چھبیس اساتذہ کے ناموں کو تبادلوں کے لیے فائنل کیا گیا ہے۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن نے اساتذہ کے ناموں کی سکروٹنی بذریعہ کمیٹی مکمل کی ہے اور فہرست کو حتمی شکل دینے کے باوجود اسے جاری نہیں کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ فہرست 16اگست کو جاری ہونا تھی تاہم اس میں تاخیر کر دی گئی ہے۔

محکمہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ تبادلے محض خواہش پر نہیں کیےجارہے بلکہ میرٹ کے مطابق فہرستوں کو فائنل کیا گیا ہے۔

سرکاری کالجوں میں بیک وقت اساتذہ کی پرموشن، نئی بھرتیاں اور تبادلوں سے محکمہ ہائر ایجوکیشن مشکلات کا شکار ہوگیا ہے۔

ینگ لیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر ندیم احمد نے تعلیمی زاویہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اساتذہ کے تبادلوں کا پراسیس موسم گرما کی تعطیلات میں ہی مکمل کیا جانا چاہیے تھا تاکہ نیا تعلیمی سال شروع ہوتے ہی اساتذہ تدریسی کام کا آغاز کر دیتے۔ اب اس میں تاخیر سے کالجوں کو نقصان ہوگا۔

ندیم احمد کا کہنا ہے کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کےتحت سرکاری کالجوں کیلئے لیکچررز اور اسسٹنٹ پروفیسرز کی بھرتیاں کی جارہی ہیں جبکہ محکمہ نے پہلے ہی کالج اساتذہ کی پرموشن کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اب سارے عمل میں عجلت سے کام لیا گیا تو اساتذہ کیلئے مسائل پیدا ہوں گے۔

ندیم احمد کا کہنا ہے کہ ترقی پانے والے اور نئے بھرتی ہونےوالے اسسٹنٹ پروفیسرز کی پلیسمنٹ کو مد نظر رکھنا چاہیے اور محکمہ کو سوچ سمجھ کر ٹرانسفرز کے حتمی احکامات جاری کرنا چاہیے۔ اُن کا کہنا ہے کہ کالجوں کے لیکچررز کے ٹرانسفر آرڈرز مکمل ہونے کے بعد ہی پنجاب پبلک سروس کمیشن کو نئے لیکچررز کی تعیناتی کی ہدایات جاری کرنی چاہیے تاکہ مسائل پیدا نہ ہوں۔

پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے مرکزی عہدیدار سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سے اساتذہ کے تبادلوں پر ملاقات کر چکے ہیں۔

دوسری جانب وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی سرکاری دورے پر ڈنمارک ہیں اور ان کی واپسی 22 اگست کو ہوگی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر ہائر ایجوکیشن کی وطن واپسی تک اساتذہ کےتبادلوں کے احکامات جاری نہیں کیے جائیں گے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *