پی ایچ ڈی تھیسز میں چربہ سازی پر سُپروائزر5 سال کیلئے بلیک لسٹ

  • April 4, 2017 9:59 pm PST
taleemizavia single page

اسلام آباد

ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے ایم فل اور پی ایچ ڈی تھیسز میں چربہ سازی پر پالیسی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ ایچ ای سی کے مراسلے کے مطابق ایم فل اور پی ایچ ڈی تھیسز میں چربہ سازی پکڑی گئی تو سُپروائزر کے خلاف کارروائی ہوگی اور تھیسز کے نگران پروفیسر کو پانچ سال کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔

ایچ ای سی کی نئی پالیسی کے مطابق پی ایچ ڈی تھیسز کی نگرانی صرف وہی اساتذہ کر سکتے ہیں جن کے پاس پی ایچ ڈی کی ڈگری کے بعد تین سال کا تدریسی تجربہ ہو جبکہ تین سالہ تجربے کے ساتھ ہی پی ایچ ڈی اُستاد کو دو ایم فل تھیسز کی نگرانی کرنے کی اجازت ہوگی۔

جن اساتذہ کے پاس ایم فل کی ڈگری ہوگی وہ زیادہ سے زیادہ ایم فل کے پانچ تھیسز کی نگرانی کرسکتے ہیں تاہم اس کے لیے شرط عائد کر دی گئی ہے کہ اُستاد کے پاس ایم فل کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد پانچ سال کا تدریسی تجربہ ہو۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے چربہ سازی پر بھی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ مراسلے میں لکھا ہے کہ جو اُستاد چربہ سازی کی جھوٹی شکایت کرے گا اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانچ سال کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔ ایچ ای سی کے اس مراسلے کے متن میں لکھا ہے کہ اساتذہ ذاتی عناد کی بناء پر چربہ سازی کی شکایت کرتے ہیں جس کی انکوائری کے بعد چربہ سازی ثابت نہیں ہوتی اور اس پر ایچ ای سی کے وسائل اور وقت بھی ضائع ہوتا ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے ملک بھر کی سرکاری ونجی یونیورسٹیز کے سربراہان کو اس مراسلے پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔


  1. بڑاراست ومناسب قدم ہے اس سے ایک طرف چربه سازی کاسدباب ہوگاتودوسری طرف طالب العلم کی صلاحیت بہی نکهرکرسامنے آیگی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *