ہاورڈ یونیورسٹی کے آن لائن کورس میں مفت داخلہ کی سہولت
- July 8, 2018 7:09 pm PST
رپورٹ: عمیر حسن
خوبصورت گھر اور عمارتیں دکھنے میں سب کو ہی بہت بھلی معلوم ہوتی ہیں،مگران کی تعمیرمیں کام کرنے والوں کی انتھک محنت اور قابلیت بہت اہمیت رکھتی ہے۔ تعمیراتی شعبے میں ڈیزائننگ کرتے ہوئے جمالیاتی ذوق اور سائنسی مہارت کا بیک وقت ہوناضروری ہے۔
کسی بھی گھریاعمارت کی ڈیزائننگ کرنے اور تعمیر کو پایہ تکمیل تک پہنچانے والے کوآرکیٹیکٹ کہا جاتاہے۔ دنیا بھرمیں تعمیراتی شعبے کی ترقی کی وجہ سے آرکیٹیکٹس کی بڑی مانگ ہوتی ہے۔
کیا آپ آرکیٹیکٹ بننے کے بارے میں سوچ رہے ہیں؟ یا پھر آپ کسی یونیورسٹی میں آرکیٹیکچر کی تعلیم حاصل کرنےکے لیے بیچلریا ماسٹر کررہے ہیں؟یا اس شعبے میں ڈپلومہ کررکھا ہے؟ اگر ان میں سے کوئی بھی بات ہے توہم آپ کے لیے ایک اہم معلومات بتانے جارہےہیں جس پر عمل کرکے آپ نہ صرف اپنی تعلیمی اسناد میں اضافہ کرسکیں گے بلکہ آپ کی سی وی پر دنیا کی مشہور و معروف یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے کا ٹیگ بھی لگ جائے گا۔
دی آرکیٹیکچرل اِمیجینیشن پر ہارورڈ یونیورسٹی نے فری آن لائن کورس متعارف کروایا ہے، جس کا مقصد طالب علموں کو فن تعمیر کے اہم اصولوں اور معاشرے میں اس شعبے کے کردارسے روشناس کرانا ہے۔
جو طالب علم معاشی مجبوریوں کی وجہ سے بیرونِ ملک جاکر تعلیم حاصل نہیں کرسکتے، ہارورڈ یونیورسٹی ایسے طلباء کو اس تصور سے باہر نکلنے کا نادرموقع فراہم کررہی ہےکہ وہ اس آن لائن کورس میں داخلہ لے کر اس سےاستفادہ کریں، اس طرح آپ خود کو دوسروں سے پیچھے محسوس نہیں کریں گے۔
ہارورڈ یونیورسٹی کے گریجویٹ اسکول آف ڈیزائن میں ’دی آرکیٹیکچرل امیجینیشن‘ کا آن لائن کورس زبردست طریقےسے آپ کوآرکیٹیکچرکی مسحور کن دنیا سےمتعارف کراتا ہے۔ اس آن لائن کورس کو تین ماڈیولزمیں ترتیب دیا گیا ہے۔
پہلاماڈیول
اس کورس کے پہلے ماڈیول میںویڈیوز اور مشقوں کے ذریعہ فنِ تعمیر کےبارے میں تعلیم دی جائے گی، جن میں آرکیٹیکچرل ڈرائنگ اور آرکیٹیکچرل ٹائپولوجی بھی شامل ہیں۔
دوسراماڈیول
دوسرےماڈیول میں تعمیراتی مواد اور ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز رکھی گئی ہے۔یہ ماڈیول آرکیٹیکچرکی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کہ خام مال کو کیسے تعمیرات کے مختلف سانچوں میں ڈھال کرفنِ تعمیر کی مجموعی جمالیاتی خوبصورتی کو ابھارتا ہے۔
تیسرا ماڈیول
تیسرے اور آخری ماڈیول میں انسانیاتی /بشریاتی نقطہ نظر کو اپناتے ہوئے معاشرے میں آرکیٹیکچر کے کردار پر مشاہدہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی معاشرےمیں سماجی تبدیلی لانے کے لیے اس کی صلاحیتوں کو بھی پرکھاگیا ہے۔
کورس کے اختتام پر آپ مندرجہ ذیل باتوں سے روشناس ہوجائیں گے۔
۔ آرکیٹیکچرل ڈیزائن کو پڑھنا، سمجھنااوراس پر تجزیہ کرنا۔
۔فنِ تعمیر کے شاہکاروں کی تعمیرکےپیچھے کیا سماجی اور تاریخی اسباب کارفرما رہے۔
۔ذاتی طور پر آرکیٹیکچرل ڈرائنگزاور ماڈلزبنانے کےکیا بنیادی اصول ہیں۔
۔تعلیمی مطالعہ یاآرکیٹیکٹ کے طور پرپیشہ ورانہ کیریئر شروع کرنےکے لیے قابل ذکر مواد کا حصول۔
فیکلٹی
فری آن لائن کورس کے لیے ہارورڈیونیورسٹی کی فیکلٹی ان پروفیسرز پر مبنی ہے
۔کے مائیکل ہیز(ایلیٹ نوآئز پروفیسرآف آرکیٹیکچرل تھیوری)
۔ایریکاناگنسکی (پروفیسرآف آرکیٹیکچرل ہسٹری)
۔اینٹونی پیکون (جی ویر ٹریو لسٹیڈ پروفیسر آف دا ہسٹری آف آرکیٹیکچراینڈ ٹیکنالوجی)
۔لیزاہیبر(انسٹرکٹران آرکیٹیکچر)
سرٹیفکیٹ کا حصول
ویسے تو ہارورڈ یونیورسٹی کایہ آن لائن کورس فری ہے لیکن اگر آپ اس کورس کے اختتام پرسرٹیفکیٹ حاصل کرناچاہتے ہیں تو اس کے لیے یونیورسٹی کو79 پاؤنڈ ادا کرنے پڑیںگے۔اس آن لائن کورس کو آپ کسی بھی وقت ہارورڈ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر جاکر بآسانی شروع کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ دیگرمضامین پر بھی ہارورڈیونیورسٹی کےفری آن لائن کورسز طالب علموں کے لیے دستیاب ہیں، جن کا انتخاب آپ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کرسکتے ہیں۔
ہارورڈ یونیورسٹی
امریکا کی ہارورڈیونیورسٹی ایک نجی غیر منافع بخش تعلیمی ادارہ ہے جو واشنگٹن ڈی سی میں واقع ہے۔ 1636ء میں قائم ہونے والی ہارورڈ یونیورسٹی امریکی ریاست میساچوسٹس میں واقع ہے اور یہ امریکا کی قدیم ترین جامعات میں سے ایک ہے۔
انٹرنیٹ کے ذریعےاعلیٰ تعلیم میں انقلاب کی نئی امیدیں ایک بار پھرجاگ گئی ہیں۔ دنیابھر کی مختلف ناموریونیورسٹیاں اپنی حدود (کیمپس)سے باہر نکل کر تعلیم عام کرنے کاذریعہ بن رہی ہیں۔ ایم آئی ٹی، ہارورڈ، اسٹینفورڈ اور پرنسٹن سمیت بہت سی معروف یونیورسٹیاں انٹرنیٹ پر بہت سے فری آن لائن کورسز پیش کررہی ہیں جن سے پوری دنیا میں لاکھوں طالب علم مستفید ہورہے ہیں ، ساتھ ہی ان کورسزنے بے پناہ مقبولیت بھی حاصل کرلی ہے۔
بے شمار طلباء ان معیاری فری آن لائن کورسز سے بھرپور طریقے سے فائدہ اٹھارہےہیں،جن تک عام حالات میں وہ رسائی حاصل نہیں کر سکتے تھے۔ ان میں وہ طلباء بھی شامل ہیں جو دور دراز علاقوں میں رہتے ہیں یا اپنے کیرئیر کے وسط میں ہیں۔ آن لائن کلاسز نے کیمپس کے اندر اور باہر عمومی تدریسی معیار کو بلند کیاہے۔
Any courses for oriental languages.