گوجرانوالہ: سکول پر قبضہ کرنے کیلئے ملزمان کی فائرنگ
- March 6, 2018 10:59 pm PST
گوجرانوالہ
تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ مختار کالونی میں سکول کی اراضی پر قبضہ کرنے کیلئے ملزمان کی سرعام ہوائی فائرنگ، علاقہ مکینوں اور طلبہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔
گوجرانوالہ کے تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ مختار کالونی میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت قائم ایس ڈی ماڈل ہائی سکول کی 7 کنال اراضی پر گزشتہ روز قبضہ مافیا نے قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ صبح 10 بجے کے قریب اسلحہ بردار 15 سے زائد افراد نے سکول پر دھاوا بول دیا اور سکول سے ملحقہ دیوار توڑنا شروع کردی، جس پر سکول انتظامیہ نے منع کیا تو ملزمان نے ہوائی فائرنگ کرنا شروع کردی۔
ہوائی فائرنگ سے پورے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا اور سکول کے بچے ڈر کر گھر بھاگ گئے۔ ملزمان ایک گھنٹے تک سڑک پر اسلحہ لہراتے اور فائرنگ کرتے رہے، مگر پولیس تاخیر سے پہنچی۔ اس موقع پر سکول مالک کا کہنا تھا کہ سکول کی7 کنال اراضی پر با اثر مافیا قبضہ کرنے چاہتا ہے جس کیلئے انہوں نے جعلی دستاویزات بھی تیار کررکھے ہیں۔
اب اسلحہ کے زور پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جس کے متعلق پولیس کو آگاہ کردیا ہے۔ سبزی منڈی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اورسی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے دو ملزمان کوگرفتار کر لیا ہے، جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔