جیلوں میں قید بچوں کیلئے تعلیمی و تربیتی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ
- July 1, 2017 9:31 pm PST
اسلام آباد
وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی کی کوششوں سے این سی ایچ ڈی اور کامسیٹس ملک کی مختلف جیلوں میں قید بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے تعلیمی اور تربیتی مراکز قائم کریں گے۔
ابتدائی طور پر فیصل آباد کی بوسٹل جیل میں دو تعلیمی سینٹر قائم کئے جائیں گے اور دونوں ادارے ان مراکز میں مختلف سہولیات فراہم کریں گے۔
وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کے مطابق نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ اور کامسیٹس کے درمیان ایک ایم او یو پر دستخط کئے گئے جس کے تحت دونوں ادارے ملک کی مختلف جیلوں میں قید بچوں اور خواتین کی تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے۔
ایم او یو کے مطابق این سی ایچ ڈی تربیتی و تکنیکی مدد فراہم کر ے گا جبکہ کامسٹس اساتذہ اور ان کی تنخواہوں کا بندوبست گرے گا۔
سپریم کورٹ کی ہدایت پر جیلوں کے نظام کی اصلاح اور وہاں قید بچوں او رخواتین کی فلاح و بہبود کیلئے کامسیٹس اور سویٹ ہومز کے ساتھ مل کر گزشتہ ڈیڑھ دو برس سے کام کر رہے ہیں جس کے بڑے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے ایک بیان میں کہا کہ ایم او یو پر دستخط سے جیلوں میں قید بچوں کی تعلیم وتربیت میں بہت مدد ملے گی اور وہ پر امن شہری بن کر جیل سے باہر آئیں گے۔
محمد سلمان فاروقی نے کہا کہ جیلوں میں بند قیدیوں کی فلاح و بہبود‘اصلاح اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لئے پاکستان کے ہر شہری کو اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔