گورنرپنجاب کا ڈاکٹر اصغر زیدی کیخلاف انکوائری کا حکم

    April 14, 2021 4:42 pm PST
taleemizavia single page

تعلیمی زاویہ رپورٹ: گورنر پنجاب نے بہ طور چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

چیئرمین کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر سید اسد رضا کاظمی نے وائس چانسلر کیخلاف گورنر کو درخواست جمع کرائی تھی گورنر پنجاب نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو پندرہ روز میں انکوائری مکمل کر کے رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

تعلیمی زاویہ کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق ڈاکٹر سید رضا کاظمی نے وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پر ہراسمنٹ اور دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا۔ چیئرمین شعبہ کمپیوٹر سائنس کی جانب سے گورنر پنجاب کولکھے گئے خط کے متن میں لکھا ہے کہ وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی نے میرے دفتر میں آکر مجھے زدو کوب کیا، نازیبا الفاظ کہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر اصغر زیدی انھیں مسلسل سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور رجسٹرار کے ذریعے سے مجھ پر دباؤ ڈالا گیا ہے۔ ڈاکٹر اسد رضا کاظمی نے الزام عائد کیا ہے کہ وائس چانسلر کے اس رویہ کی وجہ سے یونیورسٹی اساتذہ میں تشویش پائی جارہی ہے اور تعلیمی ماحول خراب ہورہا ہے۔

گورنر کو لکھے گئے خط کے متن کے مطابق گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے اساتذہ موجودہ انتظامیہ کے رویہ کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ وہ 19 برس سے یونیورسٹی میں تعینات ہیں، پہلی مرتبہ وائس چانسلر کی جانب سے توہین آمیز رویہ اختیار کیا گیا ہے۔

خط میں گورنر پنجاب سے وائس چانسلر کے رویہ کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس کے بعد گورنر پنجاب نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو انکوائری کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ گورنر پنجاب نے مذکورہ الزامات کی انکوائری کیلئے سیکرٹری کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *