ایچی سن کالج کے اُستاد جیفری ڈگلس کا 101 سال کی عمر میں انتقال
- January 2, 2019 5:36 pm PST

لاہور: وزیر اعظم عمران خان سمیت متعدد نامور شخصیات کے اُستاد برطانوی نژاد پاکستانی جیفری ڈگلس لینگ لینڈ 101 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں، انھوں نے ایچی سن کالج میں 25 سال تک تدریسی فرائض سر انجام دیا۔
جیفری ڈگلس تقسیم ہند کے بعد پاکستان میں ہی رہ گئے تھے، انھوں نے برطانوی امپریل فوج میں خدمات دیں جبکہ جنگ عظیم دوئم میں بھی حصہ لیا وہ ریٹائرڈ میجر تھے.
جیفری ڈگلس نے 1947ء سے لے کر 1953ء تک پاک فوج میں بھی تدریسی فرائض سر انجام دیے اس کے بعد وہ ایچی سن کالج میں تعینات ہوگئے جہاں انھوں نے 25 سال تک تدریس کی۔ اس دوران وہ سکول ہیڈ ماسٹر کے عہدے پر بھی کام کرتے رہے۔
جیفری ڈگلس کو حکومت کی جانب سے ہلال امتیاز سے بھی نوازا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان کو جیفری ڈگلس نے تاریخ کا مضمون پڑھایا تھا اس کے علاوہ پاکستان کے نامور سیاستدان، کاروباری شخصیات بھی ان کی شاگرد رہی ہیں۔ ایچی سن کالج میں ہر سال ان کے اعزاز میں سالگرہ کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جاتا جبکہ 100 ویں سالگرہ پر عمران خان نے ویڈیو پیغام میں اپنے استاد کی بے حد تعریف کی۔
جیفری ڈگلس کی آخری رسومات لاہور کے چرچ میں ادا کی جائیں گی جس کے بعد انھیں گورا قبرستان جیل روڈ میں دفنایا جائے گا۔
جیفری ڈگلس کے انتقال پر تحریک انصاف کے مرکزی ٹوئیٹر اکاؤنٹ سے تعزیت بھی کی گئی ہے جبکہ نامور سیاسی و تعلیمی شخصیات نے بھی انھیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔