جی سی یونیورسٹی لاہور میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ پالیسی کا نفاذ

  • July 24, 2021 11:37 am PST
taleemizavia single page

آمنہ مسعود، لاہور

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے بی ایس آنرز میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ پالیسی نافذ کر دی، بی ایس آنرز میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی اکیڈمک کونسل نے یونیورسٹی میں داخلے کے عمل اور تعلیمی پروگرامز کے ڈھانچے میں بڑی اصلاحات کی منظوری دے دی ہے۔ قونصل نے فزیکل ایجوکیشن اور فائن آرٹس کے علاوہ تمام انڈرگریجویٹ پروگرامز میں داخلے کے لئے داخلہ ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا۔

نئی داخلہ پالیسی میں انٹری ٹیسٹ کے نمبروں کا ویٹج 30 فیصد ہو گا۔ انٹرویوز کا ویٹج 20 فیصد ہو گا۔ انٹرمیڈیٹ امتحان کے نمبروں کا ویٹج 40 فیصد جبکہ میٹرک کے نمبرز کا ویٹج 10 فیصد ہو گا۔

مختلف پروگرامز کے داخلہ ٹیسٹ فارمیٹس کو یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا ہے کہ روایتی ایڈمیشن پالیسیز طلباء میں اعلی تعلیم کے حصول کے لئے درکار مہارت کی جانچ میں ناکام ہوچکی ہیں، مختلف انٹرمیڈیٹ بورڈز کے مارکنگ معیار میں بہت فرق نظر آتا ہے۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ درخواست دہندگان کے پاس اکثر اعلی نمبر ہوتے ہیں لیکن وہ بنیادی نظریاتی وضاحت اور تجزیاتی مہارت کے مالک نہیں ہوتے ہیں۔ نمبروں کی بنیاد پر وہ ان مضامین میں داخل ہوجاتے ہیں جس کے لئے ان میں اہلیت کی کمی ہوتی ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ ہماری نئی انڈرگریجویٹ داخلہ پالیسی بہترین ذہنوں کو راغب کرے گی۔

اکیڈمک کونسل نے انڈرگریجویٹ ایوونگ پروگرامز کو مارنگ پروگرامز کی سطح پر لانے کی بھی منظوری دی۔ ایونگ پروگرامز کو سلف پپورٹنگ پروگرامز کہا جائے گا جبکہ ان پروگرامز کے طلباء وظائف، ہاسٹل اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے لئے بھی اہل ہونگ۔

پروفیسر زیدی نے کہا سلف سپورٹنگ طلباء میرٹ پر داخل ہوتے ہیں اور پچاس فیصد زیادہ فیس بھی دیتے ہیں، یہ طلباء ہر لحاظ سے مستقل طلبہ جیسی سہولیات کے مستحق ہیں۔

وائس چانسلر نے کہا کہ مرکزی ٹائم ٹیبل کے ذریعے سلف سپورٹنگ طلباء بھی ریگولر طلباء کے ساتھ کلاس لے سکیں گے اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بہتر طریقے سے حصہ بنیں گے جس سے انکی بہتر تربیت ہوسکے گی۔

وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی سلف سپورٹنگ طلباء کے لئے میرٹ پر وظائف کی بھی منظوری دی ہے۔

اکیڈمک کونسل کے فیصلے کے تحت جی سی یو کے تمام انڈرگریجویٹ پروگرامز کو بیچلر آف اسٹڈیز (بی ایس) کہا جائے گا۔ یہ اقدام ایچ ای سی کی پالیسی کے تحت لیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *