اوپن میرٹ پر فرسٹ ایئر میں داخلوں کی پالیسی ختم
- October 18, 2021 11:44 am PST

آمنہ مسعود، لاہور
پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں طلباء کے میٹرک امتحان میں 1100 نمبرز حاصل کرنے اور نمبروں کا اوسط تناسب زیادہ ہونے پر کالجوں میں فرسٹ ایئر میں داخلوں کی اوپن میرٹ پالیسی ختم کی جا رہی ہے۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے فرسٹ ایئر میں داخلوں کیلئے اوپن میرٹ پالیسی ختم کر دی ہے ۔ جی سی یونیورسٹی لاہور میں طلباء کا انٹری ٹیسٹ لیا جائے گا۔
وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا ہے کہ انٹری ٹیسٹ کے ساتھ طلباء کا انٹرویو بھی ہوگا اس کے بعد طلباء کے میرٹ کا تعین کیا جائے گا۔
جی سی یونیورسٹی نے 24 اکتوبر اور 24 اکتوبر کو طلباء سے انٹری ٹیسٹ لیا جائے گا اور انٹرمیڈیٹ میں داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
انٹری ٹیسٹ پاس کرنے والے طلباء کے انٹرویوز 27 اور 28 اکتوبر کو لیے جائیں گے۔
خود مختار کالجوں میں بھی اوپن میرٹ پر داخلہ پالیسی کی جگہ انٹری ٹیسٹ کی پالیسی نافذ کی جا رہی ہے۔ حالیہ نتائج میں طلباء کے صرف تین مضامین میں پرچے ہونے کی بناء پر بورڈز نتائج پر تحفظات پائے جا رہے ہیں۔