پاکستانی تاریخ میں پہلے ہندو وائس چانسلر کی سرکاری جامعہ میں تقرری
- October 31, 2017 10:04 am PST
کراچی
ملک کی تاریخ میں پہلی بار سرکاری جامعہ کا وائس چانسلر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے پروفیسر کو مقرر کردیا گیا ہے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پروفیسر ڈاکٹر بیکھا رام دیو راجانی کو لیاقت میڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنسز(لمس) جامشورو کا وائس چانسلر منتخب کردیا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلی نے سمری 10ستمبر کو گورنر سندھ کو ارسال کی اور گزشتہ روز 30اکتوبر بروز پیر کو گورنر ہائوس کراچی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر بیکھا رام دیوراجانی ادویات کے شعبے کے پروفیسر ہیں۔ قبل ازیں تلاش کمیٹی نے 3 امیدوارں ڈاکٹر رزاق شیخ، ڈاکٹر بیکھا رام دیوراجانی اور ڈاکٹر اکبر نظامانی کے نام وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے تینوں امیدو اروں کے انٹرویو کرنے کےبعد ڈاکٹر بیکھا رام دیوراجانی کا بطور وائس چانسلر انتخاب کیا ۔
سبکدوش ہونے والے وائس چانسلر ڈاکٹر نوشاد شیخ جو 8سال سے زائد عرصے تک لمس کے وائس چانسلر رہے وہ اب واپس ڈاو میڈیکل یونیورسٹی میں بطور پروفیسر فرائض سنبھال لیں گے۔
ڈاکٹر نوشاد شیخ کی دوسری مدت رواں سال 2جولائی کو مکمل ہوگئی تھی تاہم سیکرٹری بورڈ و جامعات اور تلاش کمیٹی وقت پر نہ تو وائس چانسلر کی تلاش کا اشتہار دے سکی اور نہ ہی انٹرویوز کا مرحلہ مکمل کرسکی تھی جس کے بعد گورنر سندھ نے ڈاکٹر نوشاد شیخ کی نئے وائس چانسلر کی تقرری تک انہیں بطور وائس چانسلر کام کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ڈاکٹر بیکھا رام دیوراجانی نے کہا کہ میری پہلی ترجیح لوگوں کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی ہوگی۔ آگاہی مہم بھی چلائوں گا اور بتائوں گا کہ لوگوں کو اپنی غذا میں کیا استعمال اور صحت مندانہ زندگی کیسے گزارنے چاہیے کیوں کہ اس سے 70 فیصد بیماریوں سے محفوظ ہوجائینگے اور پرہیز علاج سے بہتر ہے۔
انہوں نے کہاکہ وہ غریب مریضوں کیلئے بہتر طبی سہولتوں کی فراہم کیلئے اقدامات کریں گے، کیوں کہ انکا تعلق بھی تھرپارکر کے علاقے چھاچھرو کے گائوں گنجیو سے ہے اور وہ بھی انتہائی غریب گھرانے سے تعلق رکھتے تھے اور انہیں غریب کے گزر بسر کا بہتر اندازاہ ہے۔ ڈاکٹر بیکھارام نے اعلان کیا کہ بلاول میڈیکل کالج کا قیام بھی ان کی ترجیح ہوگی۔