دانش سکولز: پانچ ارب کے تعمیراتی ٹھیکوں میں جعلی بینک سیکیورٹی کا انکشاف

    February 16, 2020 10:30 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: پنجاب حکومت کی زیر نگرانی چلنے والے دانش اسکولز کے کنٹریکٹرز کی جانب سے جعلی بینک سیکیورٹی جمع کرانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق دانش اسکولز انتظامیہ کی جانب سے درخواست پر  وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) بینکنگ سرکل نے معاملے کی انکوائری شروع کردی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے دانش اسکولز کے کنٹریکٹرز نے کروڑوں روپے کی جعلی بینک سیکیورٹی جمع کرائی ہے اور بینک سیکیورٹی کے نام پر کروڑوں روپے خوردبرد ہوئے ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع نے تصدیق کی کہ مبینہ  جعلی بینک سیکیورٹی کے حوالے سے دانش اسکولز کی جانب سے درخوست موصول ہوئی ہے اور کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ مارچ 2019 میں پنجاب حکومت نے دانش اسکولز اتھارٹی کے لیے پانچ ارب پچاس کروڑ روپے مختص کیے تھے۔ دانش اسکولز ترقیاتی فنڈز کی مد میں دو ارب اور اخراجات کی مد میں تین ارب پچاس کروڑمختص کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق دانش اسکول ٹبہ سلطان پور میں سڑک کی تعمیر کیلئے 4 کروڑ 66لاکھ چون ہزار روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔دانش اسکول گجیانی کی سڑک کی تعمیر کیلئے90 لاکھ 65 ہزار روپے کی منظوری بھی دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ دانش اسکولز کیلئے 2015 میں 4ارب 80 کروڑ، 2016میں 5ارب 50کروڑ اور 2017میں 5ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔

گزشتہ 3 سالوں میں دانش سکولز میں مجموعی طور پر 11 ارب19 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔

دوسری طرف دانش اسکول اور ’پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب‘ کے نعروں کے باوجود سب سے زیادہ آبادی والے صوبہ پنجاب میں ہزاروں تعلیمی ادارے متعدد بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *