خیبر ایجنسی: تعمیر کے 3 سال بعد گرلز سکول میں کلاسز کا اجراء
- December 22, 2017 12:35 pm PST
ٹی این این رپورٹ
خیبر ایجنسی کے تحصیل جمرود میں 2014 کے دوران مڈل کا درجہ پانے والے گرلز سکول میں کلاسز کا اجراء تین سال بعد ہوگیا۔
پولیٹیکل تحصیلدار عصمت اللہ وزیر نے گزشتہ روز کلاسز کا افتتاح کیا، اس موقع پر انہوں نے سکول میں زیر تعلیم نادار اور غریب بچوں میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔
مقامی افراد کے مطابق علی مسجد کے علاقہ جہانگیر کلے میں واقع اس پرائمری سکول کو سال 2014 میں مڈل کا درجہ دیا گیا تھا جبکہ عمارت کی تعمیر و مرمت کا عمل سال 2015 کے آخر میں مکمل ہوا تاہم اس کے باوجود بھی سکول میں کلاسز شروع نہیں کئے گئے تھے جس کے باعث علاقے کی بچیاں تعلیم حاصل کرنے کےلئے جمرود اور لنڈی کوتل جانے پر مجبور تھیں۔
علاقہ مکینوں نے مزید بتایا کہ غربت کے باعث وہ اپنی بچیوں کو گاڑیوں کے ذریعے سکول نہیں بھیج سکتے تھے جس کی وجہ سے ان کی بچیاں تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہوگئی ہیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم اور تحصیلدار عصمت اللہ وزیر کی جانب سے سکول میں کلاسز کا آغاز کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
امان اللہ نامی مقامی شخص نے بتایا کہ گورنمنٹ پرائمری سکول جہانگیر کلے علی مسجد جو رقبے کے حوالے سے انتہائی چھوٹا تھا اور اس میں بچیوں کی تعداد بہت زیادہ تھی جس کے باعث بچیوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، ہم پولیٹیکل انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہوں نے خود بھی دیکھا تھا کہ بچیاں انتہائی تنگ جگہ پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کررہی ہے اور یہ سکول جو اپ گریڈ ہوا ہے انہوں نے ضروری جانا ہے بچیوں کو وہاں شفٹ کیا جائے اور وہ اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایجنسی ایجوکیشن آفیسر جدون خان وزیر نے موقف اختیار کیا تھا کہ یہ سکول محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی جانب سے ان کے حوالے نہیں کیا گیا اور دوسرا یہ کہ اس سکول کی پی سی فور ڈائریکٹریٹ کو ارسال کردی گئی ہے جس کی منظوری کے بعد اساتذہ کی تعیناتی اور سکول میں کلاسز کا آغاز کیا جائے گا اور اس فیصلے کے آنے کے بعد پولیٹیکل انتظامیہ نے سکول میں کلاسز کا افتتاح کردیا۔