زلزلے کی پیشگی اطلاع دینے والا وارننگ سسٹم متعارف
- July 29, 2018 5:29 pm PST
کیلیفورنیا: امریکی کمپنی ’ارلی وارننگ لیب‘ نے قبل از وقت زلزلے کی اطلاع دینے والا وارننگ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔ کیلیفورنیا کی کمپنی کی ایپ ’کوئیک الرٹ‘ امریکی جیولوجیکل سروے کا ڈیٹا استعمال کرکے ہزاروں موبائل فون صارفین کو وارننگ بھیج سکے گی۔
پراجیکٹ کے معاون رابرٹ ڈی گروٹ کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم زلزلوں کی پیش گوئی نہیں کرتا البتہ چند سیکنڈ پہلے لوگوں کو کسی محفوظ جگہ جانے کی اطلاع دے سکتا ہے۔
ارلی وارننگ لیب‘ کے سسٹم میں زلزلے کی پیمائش کرنے والا آلہ بھی نصب ہے جو زمین میں زلزے کا باعث بننے والی حرارت جانچنے کے بعد فوری الرٹ جاری کرے گا۔ ’کوئیک الرٹ‘ زلزلہ آنے کا صحیح وقت، اس کی شدت، متاثر ہونے والے متوقع مقام سے دوری اور حفاظتی اقدامات سے متعلق تجاویز بھی دیتا ہے۔
رابرٹ ڈی گروٹ نے بتایا کہ بہت جلد اس سسٹم کو آگ کے لیے استعمال کیے جانے والے الارم کی طرح مختلف اپارٹمنٹس کی دیواروں میں نصب کیا جائے گا۔ اپریل 2018 میں کیلیفورنیا میں پانچ اعشاریہ تین شدت کا زلزلہ آیا تھا جس دوران اسی سسٹم نے 30 سیکنڈز پہلے الرٹ جاری کر کے مدد فراہم کی تھی۔
’کوئیک الرٹ‘ ایپ کو ابتدائی طور پر امریکی ریاست کیلفورنیا میں ہی لانچ کیا گیا ہے جس کے ذریعے چار کروڑ لوگوں کو الرٹ جاری کیا جائے گا۔ ’ارلی وارننگ لیب‘ کے بانی جوش باشیم کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ افراد اس سسٹم سے مستفید ہونے کے منتظر ہیں، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ رواں سال کے آخر تک اس مفت ایپ کو ریلیز کر دیا جائے گا۔