ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر پر کرپشن کا الزام لگا کر مستعفی
- August 5, 2017 2:05 pm PST
گوجرانوالہ
ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز گوجرانولہ محمد اقبال نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور اپنا استعفیٰ ڈی پی آئی کالجز پنجاب اور محکمہ ہائر ایجوکیشن کو بھجوا دیا ہے۔
محمد اقبال کے مطابق گوجرانوالہ ضلع کے 29 سرکاری کالجوں میں سکیل ایک تا سکیل چار تک کے ملازمین کی بھرتیاں کی جارہی ہیں اور میرٹ پالیسی کے تحت 7 اگست کو اُمیدواروں کو طلب کیا گیا ہے۔
محمد اقبال کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ عامر جان نے 24 جولائی کو انہیں طلب کیا اور سفارشی اُمیدواروں کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے دباؤ بھی ڈالا گیا جس پر اُنہوں نے انکار کر دیا۔
محمد اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے حکم پر اسسٹنٹ کمشنر عدنان شہزاد نے تھانہ اروپ کے علاقہ میں واقع پروفیسر کالونی میں پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ اُن کے گھر کو گھیرے میں لیا گیا اور اُن کی سرکاری گاڑی کے تالے توڑ کر بھرتیوں کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا گیا۔
محمد اقبال نے ڈی پی آئی کالجز کو صورتحال سے آگاہ کرنے کے بعد تھانہ اروپ میں مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست جمع کرا دی۔
اس صورتحال کے بعد محمد اقبال نے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گوجرانوالہ کے ڈائریکٹر کالجز سرفراز احمد ورک نے بھی ڈپٹی کمشنر کے سفارشی اُمیدواروں کو ایڈجسٹ کرانے کے لیے دباؤ ڈالا تھا جس پر محمد اقبال نے تعاون کرنے سے انکار کر دیا۔
محمد اقبال نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن اس سارے معاملے کی انکوائری کرے۔