ڈاکٹر محمد مختار دادا بھائی انسٹیٹیوٹ کے ریکٹر تعینات
- February 3, 2019 12:23 am PST
کراچی: دادا بھائی انسٹیٹیوٹ آف ہائیر ایجوکیشن میں سابق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ڈاکٹر محمد مختار نے بطور ریکٹر عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے. انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین عبد اللہ دادا بھائی کی منظوری کے بعد انھیں عہدے پر تعینات کیا گیا.
دادا بھائی انسٹیٹیوٹ کا قیام 2000ء میں ہوا تھا، 2003ء میں ادارے کو ڈگری ایوارڈنگ کا درجہ دیا گیا اور 2005ء میں ادارے کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے منظوری حاصل ہوئی.
دادا بھائی انسٹیٹیوٹ میں ڈاکٹر مختار نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دادا بھائی انسٹیٹیوٹ کی توسیع کی جائے گی جس کے لیے فائونڈیشن کی جانب سے زمین بھی فراہم کر دی گئی ہے. انھوں نے کہا ہے کہ انسٹیٹیوٹ کو نئے علوم کی تخلیق کا مرکز بنایا جائے گا اور اس کے لیے کریکولم کو بھی اپ ڈیٹ کیا جائے گا.
ڈاکٹر مختار کا کہنا ہے کہ انسٹیٹیوٹ کا بنیادی مقصد اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو آسان بنانا ہے اور اس کے ساتھ ہم اب سائنس کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے بھی بنیادی کردار ادا کریں گے. انھوں نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ انسٹیٹیوٹ کو ایچ ای سی کی بہترین جامعات کی فہرست میں شامل کریں گے.
واضح رہے کہ ڈاکٹر مختار اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے چار سال تک وائس چانسلر تعینات رہ چکے ہیں اور وہ ملائیشیاء کے اعلی تعلیمی اداروں میں خدمات سر انجام دے رہے تھے.