محکمہ کالج ایجوکیشن میں گریڈ 18 تک کے تبادلے و تقرریاں‌ منسوخ

  • October 19, 2018 10:27 pm PST
taleemizavia single page

کراچی: حکومت سندھ نے جولائی کے آخر سے ستمبر کی ابتداء تک محکمہ کالج ایجوکیشن میں وزیر تعلیم کی منظوری کے بغیر کیے گئے گریڈ 17 اور گریڈ 18 کے تمام تبادلے اور تقرریاں‌ منسوخ کر دی ہیں.

سیکرٹری کالج ایجوکیشن پرویز احمد سیہڑ نے 27 جولائی سے 2 ستمبر 2018ء کے درمیان کیے گئے ان تبادلوں اور تقرریوں کی تنسیخ کرتے ہوئے ایک نیا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے.

اس نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ تبادلے اور تقرریاں “مجاز اتھارٹی” کی منظوری سے منسوخ کیے گئے ہیں جو فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور متعلقہ افسران فوری طور پر اپنی پرانی پوسٹنگ پر جوائننگ دیں.

یاد رہے کہ یہ تبادلے و تقرریاں اس وقت کی سیکرٹری کالج ایجوکیشن لبنیٰ صلاح الدین کی جانب سے کی گئی تھیں اور زیادہ تر تبادلے لیکچررز اور اسسٹنٹ پروفیسرز کے کیے گئے تھے.

محکمہ کالج ایجوکیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ان تمام تقرریوں میں وزیر تعلیم کی منظوری شامل ہی نہیں تھی اور تبادلوں و تقرریوں کے لیے بنائی گئی سمریاں وزیر تعلیم کی پیشگی منظوری کے بغیر نوٹیفکیشن کی صورت میں جاری ہوتی رہیں، ان تبادلوں‌ کی تعداد 150 بتائی جارہی ہے.

محکمہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے بعد تبادلے کرانے والے اساتذہ میں بے چینی پیدا ہو گئی ہے.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *