برطانوی جامعات کی سندھ انٹر یونیورسٹی کنسورشیم کے طلباء کو رعائیت
- December 24, 2017 11:55 am PST
کراچی
برطانوی جامعات سندھ انٹر یونیورسٹی کنسورشیم کی طرف سے نامزد طلبا و طالبات کے لیے مزید رعایت پر آمادہ ہوگئیں ہیں۔
اب ایل ایل بی ڈگری کے تین سال پاکستان میں مکمل کرنے کے بعد طلبہ سال کی 2 ہزار پاونڈ فیس ادا کرکے برطانیہ میں نہ صرف تعلیم مکمل کرسکیں گے بلکہ انہیں ڈگری بھی برطانوی یونیوسٹی کی ملے گی۔
یہ بات شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء (ذیبول) ذیبول کے بانی وائس چانسلر جسٹس ریٹائرڈ قاضی خالد علی ، جو گورنر سندھ محمد زبیر کی سربراہی میں برطانیہ کا دورہ کرنے والے اعلی سطحی وفد کے رکن ہیں، نے ایک برطانوی ٹی وی کو تفصیلی انٹرویو میں کہی۔
انہوں نے کہا “خود برطانیہ کے شہری9سے 10 ہزار پاونڈ سالانہ فیس ادا کرتے ہیں جبکہ پاکستان سمیت دوسرے ممالک کے طلبہ کے لیے سالانہ فیس 15سے 23 ہزار پاونڈ سالانہ ہے۔
برطانوی جامعات سے ذیبول کے اشتراک عمل کے پروگرام کے تحت بیچلر ڈگری کے لیے دو ہزار اور ماسٹرز ڈگری کے لیے 1300پاونڈ ادا کرکے ایک سالہ تعلیم اور برطانیہ کی ڈگری حاصل کرنے کی سہولت صرف پاکستانی طلبہ کے لیے ہے”۔
قاضی خالد نے کہا کہ اشتراک عمل پروگرام کے تحت پاکستان کی ایل ایل بی کی ڈگری کو انگلستان میں کوالیفائینگ ڈگری کا درجہ مل جائے گا او انہیں بار ایٹ لا اور سالیسٹر کی کلاسز میں داخلے کے لیے فاونڈیشن یا کنورژن کورس نہیں کرنا پڑے گا۔