برٹش کونسل پاکستان میں 90 ہزار طلباء کا کیمبرج امتحان لے گا
- April 22, 2021 4:02 pm PST
ویب ڈیسک: برٹش کونسل کے تحت کیمبرج امتحانات میں پاکستان سے 90 ہزار طلباء شریک ہوں گے، اس ضمن میں برٹش کونسل نے پنجاب حکومت کو مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔
برٹش کونسل کے تحت پاکستان میں 26 اپریل سے امتحانات کا آغاز ہو رہا ہے جس کے لیے پاکستان میں سو سے زائد امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ پنجاب کے دار الحکومت لاہور میں تیرہ امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
جبکہ پنجاب کے 22 اضلاع میں مجموعی طور پر 40 سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
برٹش کونسل کے تحت کیمبرج امتحانات 13 جون تک جاری رہیں گے اور ان امتحانات سے متعلق کونسل نے وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کو آگاہی مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔
دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں کیمبرج امتحانات کے خلاف رٹ دائر کی گئی ہے اور اس مقدمہ کی سماعت آج دو گھنٹے تک جاری رہی جس کے بعد سماعت کل صبح تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ پاکستان میں کیمبرج امتحانات کی کنٹری ہیڈ عظمیٰ نے کورونا ضابطہ کے تحت امتحانات کے انعقاد کی یقین دہانی کرائی ہے۔