پنجاب کے تعلیمی بورڈ کا او لیول کی طرز پر امتحان لینے کا فیصلہ
- July 12, 2019 11:30 am PST
لاہور: تعلیمی بورڈ لاہور نے اسکولوں میں دی جانے والی تعلیم کا معیار چیک کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تعلیمی بورڈ او لیول کے طرز کا امتحان منعقد کرائے گا۔
تعلیمی بورڈ لاہور کے او لیول طرز کے امتحان میں شرکت کے اہل میٹرک امتحانات سے فارغ طلبا ہوں گے اور امتحانات میں شرکت کے خواہشمند طلبا 17 جولائی تک اپنی رجسٹریشن کرا سکیں گے۔
بورڈ طلبا سے او لیول طرز پر اردو، انگریزی، ریاضی، فزکس، کیمسٹری اور بیالوجی کے مضامین کا ٹیسٹ لے گا اور ابتدا میں دو ہزار طلبا کو ٹیسٹ میں شامل کیا جائے گا۔
یہ امتحان میڑک کے نصاب میں سے لیے جائے گا تاہم سوالات او لیول کی طرز پر پوچھے جائیں گے.
او لیول طرز کے ٹیسٹ 25 سے 31 جولائی تک لیے جائیں گے جس سے اسکولوں میں دی جانے والی تعلیم اور امتحانی نظام کا معیار چیک ہو گا۔ اس حوالے سے تمام تر تفصیلات بورڈ کی ویب سائیٹ پر جاری کر دی گئی ہیں.
پہلے فیز میں لاہور بورڈ او لیول کی طرز پر امتحان لے رہا ہے جس کے بعد صوبے کے دیگر تعلیمی بورڈز بھی یہ امتحان لیں گے. ان امتحانات کا بنیادی مقصد میڑک کی سطح پر امتحانی طریقہ کار میں تبدیلیاں لانا ہے.