بے نظیر میڈیکل کالج لیاری کے 50 طلباء کو اسکالرشپ

    September 29, 2018 9:26 pm PST
taleemizavia single page

لیاری: شہید محترمہ بینطیر بھٹو میڈیکل کالج لیاری نے ایم بی بی ایس کے 50 مستحق طالب علموں کو اسکالرشپ دے دی، کالج کے 30 طالب علموں نے ایف سی پی ایس امتحان پہلی بار میں ہی پاس کر لیا۔

طالب علموں اوران کے والدین کے اعزاز میں کالج کی جانب سے شاندار تقریب کا انعقادکیا گیا۔

تقریب میں کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر انجم رحمان، فیکلٹی ممبرز، طالب علم اور ان کے والدین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر انجم رحمان نےکہا کہ کالج کی جانب سے زیرتعلیم 50 طالب علموں کو اسکالرشپ دی گئی ہے جس میں ان کی ایک سال کی فیس ادا کی جائے گی جبکہ انہیں مکمل سلیبس بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔


پروفیسر انجم رحمان نے کہا کہ لیاری جیسے علاقے میں میڈیکل کالج بنانے اور وسائل فراہم کرنے پرحکومت کے مشکور ہیں جبکہ امن و امان کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار بھی قابل ستائش ہے ورنہ لیاری میں آنے سے اساتذہ، طالب علم اور والدین بھی ڈرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ اس کالج سے گدھا گاڑی چلانے والوں، دکانداروں اور دیگر غریب والدین کے بچے بھی ڈاکٹر بنے ہیں۔ کالج نے 300 ہونہار ڈاکٹر بنا دئیے ہیں۔ اس موقع پر متعدد والدین اور طالب علموں نے بھی اظہار خیال کیا۔

کالج کی طرف سے اسکالر شپ ملنے پر طلبہ کے ساتھ ان کے والدین بھی کافی پر مسرت ہیں ۔