طلباء اینڈرائیڈ فون میں یہ دس سائنس ایپ لازمی ڈاؤن لوڈ کریں
- June 24, 2018 6:42 pm PST
ویب ڈیسک
ہماری زندگیوں میں اسمارٹ فونز کا استعمال بڑھتا جارہا ہے جس کے ساتھ انٹرنیٹ کا رجحان بھی پروان چڑھ رہاہے۔ہماری سماجی زندگیوں میں انقلاب برپا ہونے کے ساتھ ہمارے لیے نت نئی موبائل ایپلی کیشنز نے تعلیم کے میدان میں بھی سہولتوں کے کئی نئےدروازے کھول دیے ہیں۔
صدیوں سے سائنس کو سنجیدہ اور اکتادینے والا مضمون قرار دیاجاتا رہا ہے، تاہم ان سائنس ایپس کی بدولت ہم سائنس کے کسی بھی مشکل سوال کا نہ صرف جواب حاصل کرسکتے ہیں بلکہ ان کے ذریعے سائنس کے عملی تجربات سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
یوں اس وقت سائنس اور ٹیکنالوجی میں طالب علموں کی بڑھتی دلچسپی اور پاکستان بھر میں سائنس فیئرز کے انعقاد سے ہمارے ذہین سائنس دانوں کا ابھرنا آنے والے دنوں میں پاکستان میں سائنس کلچر کے احیا کی نوید بن کر ابھر رہا ہے۔آئیے ایسی سائنس دوست اینڈرائڈ ایپس سے متعارف ہوتے ہیں جو آپ اپنے اینڈرائڈ اسمارٹ فون پر ڈاؤن لوڈ کرکےچوبیس گھنٹےاپنے تخلیقی و سائنسی ذہن و شعور کو پروان چڑھاسکتے ہیں۔
NASA App
اینڈرائڈ 4 پر دستیاب یہ مفت ایپ امریکا کے قومی خلائی ادارےناسا کی معلومات سے بھرپور ہے جہاں سے آپ خلا و کائنات کے سربستہ رازوں کی نہ صرف معلومات حاصل کرسکتے ہیں بلکہ کائنات کے مظاہرے کو ناسا ٹی وی لائیو پر براہ راست بھی دیکھ سکتے ہیں۔فلکیات و خلائیات کے عاشقوں کے لیے یہ نایاب تحفہ ہے،جہاں 14ہزارسے زائد تصاویراور ویڈیوز موجود ہیںجن کی تعداد ہر روز بڑھتی رہتی ہے ۔اتناہی نہیں اس حیران کن معلومات کو آپ فیس بک اور ٹوئٹر پر بھی شیئر کرسکتے ہیں۔
Touch Surgery
اینڈرائڈ 4.0یا بالاماڈل ، اسمارٹ فون پر مفت دستیاب یہ ایپ آپ کو سرجری کے براہ راست نظارے سےآشنا کرے گی جہاں آپ مختلف آپریشنز کو حقیقی فرد کو نقصان پہنچائے بغیر ورچوئل دنیا میں ملاحظہ کرسکیں گے۔اسے عام لوگ بھی کے ذریعے چلا سکتے ہیں۔انسانی جسم کو جاننے اور سرجری کے تجربے سے گزرنے کی یہ حیرت انگیز ایپ ہے۔
Sky View
اینڈرائڈ 4.0یا بالاپردستیاب یہ ایپ ستارہ شناسی کے رسیاؤں کے لیے انمول ہے۔آپ کو صرف کیمرہ کا رخ آسمان کی طرف کرنا ہوگا ۔دن اور رات سے قطع نظرستاروں کا جھرمٹ اورسیارے باآسانی دیکھے جاسکتے ہیں۔ دن میں تارے دیکھنے سے بھی حظ اٹھا سکتے ہیں۔اس کے ذریعے آپ وقت میں سفر کرکے ماضی کے آسمان کو بھی دیکھ سکتے ہیں۔سب سے دلچسپ بات یہ کہ اس کے لیے آپ کو وائی فائی سگنلز کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔یہ ایپ ہر حال میں آپ کو فلک کے ماضی و حال اور مستقبل کی سیر کرائے گی۔
BrainPOP
اینڈرائڈ2.3اور بالا پر دستیاب اس ایپ کو حاصل کرنے کے لیے آپ کو لگ بھگ£1.20سے £4.22 کے درمیان ادائیگی کرنی ہوگی۔یہاں روزانہ آپ ایک نئی اینی میٹذ فلم دیکھ کر اس کے کوئز شو میں شرکت کرسکتے ہیںجوآپ کے دماغ کی آزمائش ہے۔اس کے مضامین میں سائنس،ریاضی ،ٹیکنالوجی،صحت، موسیقی اور سوشل سائنسز شامل ہیں۔یہ ان طالب علموں اور لوگوں کے لیے مفید ہے جو اپنی معلومات کا امتحان لینا چاہتے ہیں۔
Star Chart Infinite
اسکیپسٹ گیمز لمیٹڈ کی جانب سے£1.99 میںدستیاب یہ ایپ مختلف ڈیوائسز پر چلائی جاسکتی ہے جو جی پی ایس ٹیکنالوجی پر استعمال کی جاتی ہے۔اس کے ذریعے آپ تھری ڈی یونیورس یعنی سہہ جہاتی کائنات کو دیکھنے کے ساتھ ستاروں کی اصل جگہ کو دیکھ سکتے ہیں اور نظامِ شمسی میں موجود سیاروں کو قریب سے ملاحظہ کرسکتے ہیں۔اس ایپ سے آپ کہکہشاؤں کی سیر بھی کر سکتے ہیں۔
Amazing Science Facts
موون کی یہ مفت ایپ اینڈرائڈ4.0 یا بالا ڈیوائس پر چلائی جاسکتی ہے،جو سائنس کے ہزاروں حیران کن حقائق پر مبنی ہے۔اس میں سائنس کے ہرشعبہ کی معلومات کا ذخیرہ ہے۔آپ روزانہ نت نئی معلومات وصول کرنے کے ساتھ اپنی پسند کے تمام حقائق کوسرچ کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔ساتھ ہی فیس بک اور ٹوئٹر پر اپنے دوستوں سے یہ معلومات شیئر بھی کرسکتے ہیں۔اسے چلانے کے لیے بھی آپ وائی فائی کے محتاج نہیں۔
Science Bank
جے ڈی اسٹار کی جانب سے آپ کے لیے بلاقیمت متعارف کردہ یہ سائنس ایپ اینڈرائڈ2.1 اور بالا ڈیوائس کے لیے کارآمد ہے۔اس میں آپ حیاتیات، کیمیا، طبیعیات، خلائیات اور ماحولیات کی دنیاؤں کی خبریں جان سکتے ہیں۔اس میںموجود تصاویر حقائق کو جیتی جاگتی زندگی کا سماں دیتے ہیں۔اتنا ہی نہیں اپنی پسندیدہ تصاویر اور حقائق محفوظ بھی کرسکتے ہیں اور اپنی معلومات کو شامل بھی کر سکتے ہیں۔
Brian Cox Wonders Compilation
اس سائنس ایپ کو آپ اینڈرائڈ4.4 اور بالا پر چلاسکتے ہیں۔ اس ایپ میں پروفیسر برائن کوکس آپ کوانتہائی مختصر جوہری ذرات سے بڑی جسامت کے چاند اور کہکشاؤں پر مشتمل سہہ جہاتی کائنات کی سیر کرائیں گے۔یہ ایپ ان کی کتاب’’ عجائباتِ کائنات‘‘ سے ماخوذ ہے۔یہ کائنات کے بارے میں معلومات کی خوبصورت بیاض ہےجس میں سیاروں،چاندوں،سیاہ شگافوں اورستاروں کے بارے میں رہنمائی بھی دی گئی ہے۔کائنات کے اسراروں سے پیار کرنے والوں کے لیے یہ بہترین دستاویز ہے۔
Skeptical Science
شائن ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹیڈ کی اس ایپ کو کسی بھی ڈیوائس پر چلا سکتے ہیں۔ اس کا نام فراری سائنس اس لیے رکھا گیا ہے کہ ہم اس حقیقت سے نظریں چراتے ہیں کہ ہمارا کرہ ارض ہر گزرتے دن کے ساتھ عالمی گرمائش سے دوچار ہو رہا ہے اور یہ موسمیاتی تبدیلی کسی بھی وقت ہمیں تباہ کرسکتی ہے۔یہ ایپ آپ کو گلوبل وارمنگ کے بارے میں قابلِ اعتبار سائنسی معلومات و تحقیق کی روشنی میںحقائق اور اعداد و شمار کا وسیع ذخیرہ دیتی ہے۔
3D Brain
ڈی این اے لرننگ سینٹر کی جانب سے پیش کردہ تین سمتوں سے دکھائی دینے والا دماغ دیکھنے کے لیے آپ کے پاس انڈرائڈ1.6ہونا لازمی ہے، جس پر آپ اس ایپ کو فری ڈاؤن لوڈ کرکے مزے لے سکتے ہیں۔ آپ دماغ کے مختلف حصوں کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ ایپ ذہنی بیماری میں دماغ کے مختلف حصوں کے کردار کے بارے میں بھی معلومات فراہم کرتی ہے ۔ اس کے علاوہ دماغ کے حوالے سے کیس اسٹیڈیزلنک اور نئی تحقیق بھی شامل ہے،جسے نیورو سائنس کے شائقین کے لیے شاندار تحفہ قرار دیا جا سکتا ہے۔