آغا خان یونیورسٹی بورڈ کے میڑک، انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان

  • July 21, 2017 11:22 am PST
taleemizavia single page

کراچی

آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کے تحت لیے گئے میڑک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ میڑک کے امتحان میں کامیابی کی مجموعی شرح بالترتیب 85.7 فیصد اور 90.6 فیصد رہی۔ مزید برآں، سال اول کے 69.4 فیصد اور سال دوم کے 81.2 فیصد طلبا نے 60 فیصد سے زائد نمبر حاصل کیے۔

اس مرتبہ سال دوم میں تینوں پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں۔ پی ای سی ایچ ایس گرلز اسکول، کراچی کی فضہ رباب نے بہترین نمبروں کے ساتھ اول پوزیشن حاصل کی۔ انھوں نے 1100 میں سے 1037 نمبر حاصل کیے یعنی تمام امتحانات میں مجموعی طور پر 94.27 فیصد ہے۔

فضہ رباب نے تعلیمی زاویہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ جان کر اپنے کانوں پر یقین نہیں آیا کہ میں نے اول پوزیشن حاصل کی ہے۔ میں اپنے اسکول، اساتذہ، ساتھیوں اور گھر والوں کی بے حد شکرگزار ہوں کہ انھوں نے اس کامیابی کے حصول میں میری معاونت کی۔

نصرت جہاں اکیڈمی گرلز ہائی اسکول کی طالبہ ثمرین راجہ 93.54 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ انھوں نے 1100 میں سے 1029 نمبر حاصل کیے۔ تیسری پوزیشن 93.36 فیصد نمبروں کے ساتھ آغا خان اسکول، گارڈن کی طالبہ شمسہ نے حاصل کی۔ انھوں نے 1100 میں سے 1027 نمبر حاصل کیے۔

ایچ ایس ایس سی کے طلبا نے مضبوط بنیادوں پر حاصل کیے گئے علم کی مدد سے بہترین کارکردگی کے سلسلے کو جاری رکھا اور ایچ ایس ایس سی سال اول اور سال دوم کے طلبا میں کامیابی کی مجموعی شرح 87.9 فیصد اور 87.8 فیصد رہی۔

مزید برآں سال اول کے 72.7 فیصد طلبا اور سال دوم کے 75.2 فیصد طلبا نے مجموعی طور پر امتحانات میں 60 فیصد سے زائد نمبر حاصل کیے۔

AKU EB Position Holders

اس سال کے ایس ایس سی نتائج کی مانند طالبات نے ایچ ایس ایس سی میں بھی میدان مار لیا اور تینوں پوزیشنز حاصل کیں۔

آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، کریم آباد، کراچی کی مریم سجاد نے 1100 میں سے 1050 نمبر حاصل کیے اور مجموعی طور پر 95.45 فیصد کے ساتھ اول پوزیشن حاصل کی۔

مریم سجاد کہتی ہیں کہ مجھے لگ رہا ہے جیسے میں نے دنیا فتح کر لی ہے میں اپنی خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی۔ اپنی محنت کا صلہ مل جانے سے کتنی زبردست خوشی ہوتی ہے میں اس کا اندازہ کر سکتی ہوں۔

آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، کریم آباد، کراچی سے ہی عروج عثمانی نے 1100 میں سے 1028 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ انھوں نے 93.45 فیصد نمبر حاصل کیے۔ نصرت جہاں کالج کی مقدسہ علوی تیسری پوزیشن پر آئیں جنھوں نے 1100 میں سے 1022 یعنی 92.90 فیصد نمبر حاصل کیے۔

AKU Position Holders

آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، کریم آباد، کراچی کی صدر مدرسہ محترمہ شاہینہ علی رضا کے لیے یہ لمحات باعث افتخار ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ میں اپنے طلبا کی کامیابی پر خوشی سے سرشار ہوں جنھوں نے پاکستان بھر میں اول اور دوم پوزینشز حاصل کر کے ہم سب کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

اے کے یو ای بی کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر شہزاد جیوا نے تعلیمی زاویہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آغا خان بورڈ کے طلبا یونیورسٹیز کے داخلہ ٹیسٹ میں تواتر اور مستقل مزاجی کے ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے حال ہی میں امتحانی نظام کے معیار اور ضوابط کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق اے کے یو۔ای بی کے تحت کروائے جانے والے امتحانات کا معیار اور شفافیت غیر معمولی ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *