سرکاری سکولز میں 30 ہزار اساتذہ کی تعلیم صرف میڑک و انٹرمیڈیٹ
- January 6, 2019 2:17 pm PST
کراچی: محکمہ سکولز ایجوکیشن سندھ کے تحت چلنے والے سرکاری سکولوں میں 20 فیصد اساتذہ میڑک و انٹر میڈیٹ پاس ہیں۔ 42 فیصد گریجویٹ، 37 فیصد ایم اے کی ڈگریاں رکھتے ہیں جبکہ صرف ایک فیصد سکولز اساتذہ کے پاس پی ایچ ڈی کی ڈگریاں ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق سکولز میں 30 ہزار 279 اساتذہ کے پاس صرف میڑک و انٹرمیڈیٹ کی سندیں ہیں۔ سرکاری سکولوں کے 63 ہزار 343 اساتذہ بی اے پاس، 52 ہزار 294 اساتذہ ایم اے ایم ایس سی کی ڈگریاں رکھتے ہیں۔ سندھ کے سرکاری سکولوں میں 951 ایسے اساتذہ ہیں جن کے پاس پی ایچ ڈی کی ڈگری ہے۔
2016ء میں گریجویٹ ڈگری کے حامل اساتذہ کی تعداد 67 ہزار 737 تھی جو ایک سال میں کم ہو کر 63 ہزار 343 ہوگئی۔ سندھ کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار 787 ہے جس میں سے 20 فیصد اساتذہ صرف میڑک و انٹرمیڈیٹ ہیں۔
دوسری جانب چند برس پہلے سندھ کے سرکاری سکولوں میں جو ایجوکیٹرز بھرتی کیے گئے ہیں ان کے پاس ایم ایڈ، بی ایڈ، سی ٹی، پی ٹی سی اور اے ٹی سی کی جعلی اسناد ہیں اور اس ضمن میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں انکوائریاں زیر التواء ہیں، سیاسی دبائو کی وجہ سے ایسے اساتذہ کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی جن کے پاس جعلی اسناد ہیں۔