مدارس کی رجسٹریشن کیلئے 12 ذیلی دفاترکے قیام کا فیصلہ
- August 22, 2019 8:46 pm PST
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں مدارس کی رجسٹریشن کے لئے وزارت تعلیم کے ماتحت 12ذیلی دفاتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات آج وفاقی وزیر تعلیم و فنی تربیت شفقت محمود نے اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں بتائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم کے ماتحت سارے ملک میں 12آفس کھولیں جائیں گے ، یہ ذیلی دفاتر تمام مدارس کو رجسٹرڈ کریں گے ۔ شفقت محمود نے کہا کہ اسلام آباد میں سکل یونیورسٹی بنانے جارہے ہیں جس کی وجہ سے معیشت کی بہتری کے ساتھ بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نیشنل سرٹیفکیشن کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔ نصاب سے اچھے مسلمان بنانے اور سب کو اقدار کی تعلیم دینی ہے ۔ نصاب میں بچوں کی شخصیت سازی پر کام کرنا ہے کیونکہ اچھی تعلیم ہوتی تو پرائیویٹ اداروں کی ضرورت ہی نہ ہوتی۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات ہیں پانچ فیصد سے زیادہ فیسیں نہ بڑھائی جائیں، سرکاری تعلیم کی بہتری تک ایسے اقدامات نہیں اٹھائیں گے کے پرائیویٹ سکول بند نہ ہوجائے ۔ پرائیویٹ سکولوں اور مدرسوں نے اچھی تعلیم بچوں کو دی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دو صوبوں میں ہماری حکومت یے ،سندھ اور گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر بورڈ بھی ہم سے تعاون کررہا ہے ۔ پبلک یونیورسٹیوں کی جو فیس دے سکتا ہے اسے دینی چاہیے ۔ نظام ایسا ہو کے جو فیس نہ دے سکے اسے سکالرشپ دی جائے ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈیلی ویجز کا مسئلہ حل ہوجائے گا اس میں بہت پیچیدگیاں تھی۔ نئے نصاب میں تمام مسائل کو ختم کریں گے ۔ وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے بسیں منگوالیں ڈرائیور بھرتی نہیں کیے، ہماری حکومت وفاقی تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کے لئے بہتر منصوبہ بندی کے تحت کام کررہی ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ ہر ہنر کی لیول کےمطابق ڈگری دی جائے گی۔ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ایسی ایپ لانچ کررہے ہیں جن میں آپ کو چھ ٹریڈ کے ہنر مند مل سکیں گے ۔ تعلیم یافتہ لوگ ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا ۔
انہوں نے کہا کہ والدین کو مخصوص جگہ سے کتابیں خریدنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا ،پرائیویٹ اسکولوں کو بتایا ہے کے پرانی کتابیں بھی بچے استمال کرسکتے ہیں۔