پاکستان میں ادویات کی قیمتوں میں 40 فیصد اضافہ ہوگا

  • December 11, 2018 9:32 pm PST
taleemizavia single page

کراچی: مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کی چکی میں پستے عوام پر فارما مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نے بھی مزید مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کا اعلان کردیا ہے۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ آئندہ سال ایک ڈالر کی قدر 160 پاکستانی روپے کے مساوی ہونے کی امید ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں فارمامینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں 40 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔

ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے مؤقف اپنایا ہے کہ روپے کے مقبلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے، خام مال کے درآمدی اخراجات میں اضافے اوربجلی و گیس کی قیمتیں بڑھنے کے سبب فارما مینو فیکچررزشدید بحرانی کیفیت کا شکار ہیں۔

پریس کانفرنس میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ موجودہ سنگین بحرانی کیفیت میں ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادویات کا 90 فیصد خام مال درآمد کیا جاتا ہے۔

فارما مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نے یہ ہولناک انکشاف کیا کہ ادویات کی موجودہ قیمتوں میں اضافہ نہ ہوسکنے کی وجہ سے کئی جان بچانے والی ادویات بننا بند ہوگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رہنماؤں نے واضح کیا کہ ادویات کی قمتوں میں اضافے کے حوالے سے انہوں نے عدالتوں سے رجوع کیا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس ضمن میں ہنگامی اقدامات کرے۔

فارما مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ فیصلوں میں تاخیر کے باعث فارما انڈسٹریز کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *