لمز کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور اولڈ راوین پرنسپل ایچی سن کالج تعینات
- May 19, 2024 11:16 pm PST
لاہور: ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنرز نے ڈاکٹر سید محمد تراب حسین کو ایچی سن کالج کا پرنسپل تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی زیر صدارت ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں بورڈ ممبر علی ایاز صادق (صاحبزادہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق)، علی پرویز ملک (صاحبزادہ شائستہ پرویز ملک ممبر قومی اسمبلی)، مصطفیٰ رمدے (صاحبزادہ جسٹس خلیل الرحمن رمدے) اور خواجہ حسان، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے شرکت کی۔
بورڈ آف گورنرز نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے مشتاق احمد گورمانی سکول کے ایسوسی ایٹ پروفیسر آف اکنامکس ڈاکٹر سید محمد تراب حسین کو پرنسپل تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ بورڈ نے پرنسپل کے عہدے کے لیے مختلف اُمیدواروں کے انٹرویوز کرنے کے بعد تراب حسین کا نام فائنل کیا۔
ڈاکٹر تراب حسین نے برطانیہ کی یونیورسٹی آف ایسیکس سے 2004ء میں معاشیات کے مضمون میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی، انھوں نے کالج آف ووسٹر اوہائیو، امریکا سے 1995ء میں گریجویشن مکمل کی۔ ایچی سن کالج کے نو منتخب پرنسپل ڈاکٹر تراب حسین نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے بی اے کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
ڈاکٹر تراب حسین نے 2003ء میں لمز میں بہ طور اسسٹنٹ پروفیسر تعینات ہوئے اور وہ گزشتہ 21 برس سے لمز میں تعینات ہیں، اب وہ ایسوسی ایٹ پروفیسر آف اکنامکس کے ساتھ شعبے کے سربراہ بھی تعینات ہیں۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد، ڈاکٹر تراب حسین پرنسپل ایچی سن کالج کا عہدہ سنبھالیں گے۔
ایچی سن کالج میں پرنسپل کا عہدہ 26 مارچ سے خالی ہے جب احد خان چیمہ کے بیٹوں کی فیس معافی کے تنازعہ پر مائیکل تھامسن نے پرنسپل کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد آمنہ کامران کو قائمقام پرنسپل کا چارج سونپا گیا تھا۔
مائیکل تھامسن اور سابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کے درمیان سنگین نوعیت کے اختلافات پیدا ہوئے تھے جس کے بعد مائیکل تھامسن استعفیٰ دے کر واپس آسٹریلیا روانہ ہوگئے تھے۔