پنجاب کی 25 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کیلئے 600 درخواستیں جمع
- May 15, 2023 5:44 pm PST

لاہور: آمنہ مسعود
پنجاب کی نگران حکومت کی جانب سے صوبے کی سرکاری یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلرز کی تقرری کے لیے درخواستیں طلب کی گئی تھیں، وائس چانسلر کے عہدوں کے لیے 600 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ پنجاب کی 20 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے بھی نئی ٹرم کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے درخواستوں کی سکروٹنی کے لیے ڈوزیئرز پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ارسال کیے ہیں، کمیشن کی خصوصی کمیٹی کی جانب سے اُمیدواروں کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔
وائس چانسلر کے عہدے کے لیے درکار قابلیت و ضوابط کے مطابق اُمیدواروں کی سکروٹنی کی جارہی ہے۔ ایک اُمیدوار نے تین سے زائد یونیورسٹیوں کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وائس چانسلر کے لیے 200 سے اُمیدوار ہیں جنھوں نے مختلف یونیورسٹیوں کے لیے اپلائی کیا ہے۔ منظور شدہ ضوابط کے تحت، تعلیمی قابلیت اور تجربہ کی بنیاد پر 70 نمبرز حاصل کرنے والے اُمیدوار ہی شارٹ لسٹ کیے جائیں گے۔
سکروٹنی میں 70 نمبرز کے حامل اُمیدواروں کو انٹرویوز کے لیے کال لیٹرز جاری ہوں گے اور سابق وائس چانسلر لمز ڈاکٹر سہیل نقوی کی سربراہی میں قائم سرچ کمیٹی ان اُمیدواروں کے انٹرویوز کرے گی۔
نگران حکومت کی جانب سے سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کے عہدوں کے لیے اشتہار جاری کیا گیا تھا جس کے تحت 5 مئی درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی۔