پنجاب ٹیکسٹ بُک بورڈ کی غفلت انٹرمیڈیٹ کی کتب مارکیٹ سے غائب
- June 22, 2019 7:12 pm PST
ملتان: پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بُک بورڈ کی نا اہلی کا انکشاف ہوا ہے، انٹرمیڈیٹ کی درسی کتب کی اشاعت ہی نہ ہوسکی۔ کتابوں کی اشاعت نہ ہونے پر طلباء کا قیمتی وقت ضائع ہونے لگا۔
پنجاب ٹیکسٹ بُک بورڈ کی انتظامی غفلت نے انٹرمیڈیٹ کے طلباء کا مستقبل دائو پر لگا دیا ہے، بورڈ امتحانات ختم ہوگئے لیکن مارکیٹ میں طلباء کو انٹرمیڈیٹ کا ںصاب پڑھنے کے لیے کتابیں ہی میسر نہیں ہیں۔ کتابوں کی عدم دستیابی نے طلباء کو ذہنی اُلجھن کا شکار کر دیا ہے۔
کتابوں کی مارکیٹ کے تاجروں کے پاس گزشتہ سال شائع ہونے والی کتابوں کا سٹاک ختم ہوچکا ہے جبکہ نئی کتابوں کی چھپائی کا کام ہی مکمل نہیں ہوسکا جس کا خمیازہ طلباء بھگت رہے ہیں۔۔۔۔
طلباء کہتے ہیں کہ بارہویں جماعت کا تعلیمی دورانیہ گیارہویں جماعت کی نسبت کم ہوتا ہے جبکہ نصاب زیادہ ہونے کے باعث انھیں تیاری میں بھی چیلنجز کا سامنا رہتا ہے۔ مارکیٹ سے کتابیں نہ ملنے پر وہ اس وقت ذہنی اضطراب کا شکار ہیں۔ عائشہ سہیل کہتی ہیں کہ مارکیٹ میں درسی کتب کی فراہمی کی ذمہ داری بورڈ پر عائد ہوتی ہے بورڈ امتحان کے بعد بھی کتابوں کا دستیاب نہ ہونا طلباء کے ساتھ مذاق ہے۔
انھوں نے وزیر سکولز ایجوکیشن مُراد راس سے مطالبہ کیا ہے کہ بورڈ حکام کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ کتابوں کی بر وقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔