جی سی یونیورسٹی لاہور کا بزنس مین کو اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری دینے کا فیصلہ

  • January 6, 2021 1:02 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: نمائندہ خصوصی

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے معروف بزنس مین انوار احمد خان کو پی ایچ ڈی اعزازی ڈگری دینے کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں رجسٹرار کی جانب سے سنڈیکیٹ ممبران کو مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی کی ہدایت پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری ایوارڈ کرنے کیلئے سنڈیکیٹ ممبران کو دستاویزات ارسال کر دی ہیں۔

تعلیمی زاویہ کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق غنی گروپ کے مالک انوار احمد خان کو پی ایچ ڈی ڈگری دینے کیلئے ان کے کاروبار کی وسعت کو بنیاد بنایا گیا ہے۔

وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی کی ہدایت پر بھیجی جانے والی دستاویزات کے مطابق انوار احمد خان کو قومی سطح کی خدمات کے عوض پی ایچ ڈی کی ڈگری عطاء کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ وائس چانسلر نے موقف اپنایا ہے کہ غنی گروپ کے تحت مستحقین میں عطیات کی خطیر رقم تقسیم کی جاتی ہے اور وہ سماجی فلاح و بہبود کے متعدد پراجیکٹس کے سربراہ کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے انوار احمد خان کو قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غنی گلاس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر کام کر رہے ہیں اور پاکستان میں شیشہ بنانے والی سب سے بڑی کمپنی بن چکی ہے۔

انوار احمد خان کو اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری دینے کی حتمی منظوری سنڈیکیٹ سے حاصل کی جائے گی تاہم اس کے لیے سنڈیکیٹ کے تمام ممبران کے دستخط حاصل کیے جائیں گے۔ اس سے قبل گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو بھی پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا کر چکی ہے۔

کاروباری شخصیت کو اعزازی پی ایچ ڈی دینے کی سفارش پر پر اولڈ راوینز میں شدید تحفظات پائے جا رہے ہیں اور اس فیصلے کو یونیورسٹی کی ساکھ متاثر کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *