جشن جہلم میں انکل سرگم اور پنجابی و سرائیکی موسیقی کا تڑکا

  • April 7, 2019 10:38 pm PST
taleemizavia single page

جہلم: جشن جہلم کے تیسرے اور آخری روز اختتامی تقریب تاریخی مقام قلعہ روہتاس میں جاری ہے، میوزیکل نائٹ کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

جشن جہلم فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں اہم شخصیات کی جانب سے شرکت کی گئی ہے۔ تقریب کے لیے روہتاس قلعے کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، ایونٹ میں ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو دکھایا جائے گا۔

فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی پہنچ گئے ہیں، اختتامی تقریب کی رونقیں بڑھانے کے لیے غیر ملکی مندوبین بھی موجود ہیں۔ فوادچوہدری نے مہمانوں سے ملاقات کی اور ایونٹ میں شرکت پرخوش آمدید کہا۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں سیاحت کا فروغ چاہتی ہے اور اس کے لیے کوشاں ہے۔ جشنِ جہلم کی رنگا رنگ تقریبات دو روز سے جاری ہیں۔

فیسٹیول کے دوسرے روز گلوکارہ بختاور نے مختلف زبانوں میں روایتی گیت پیش کر کے حاضرین کے دل موہ لیے جبکہ سرائیکی زبان میں بھی گیت پیش کیے گئے تو شرکا جھوم اٹھے اور رقص نے بھی فیسٹیول کو چار چاند لگا دیے۔

جشنِ جہلم کا افتتاح جمعے کو ہوا۔ پہلے روز ناصرف عارف لوہار نے اپنے فن کا جادو جگایا بلکہ انکل سرگم اور ماسی مصیبتے نے بھی شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

جہلم کے ضمیر جعفری کرکٹ اسٹیڈیم میں جشن جہلم کی افتتاحی تقریب جمعہ کے روز ہوئی۔ جس میں مقامی فنکاروں نے روایتی رقص کا مظاہرہ کیا۔ ڈھول کی تھاپ پر شائقین بھی جھوم اٹھے۔

ماضی کے مشہور کردار انکل سرگم اور ماسی مصیبتے کی دلچسپ نوک جھونک پر حاضرین نے خوب داد دی۔ معروف گلوکار عارف لوہار نے اپنی گائیکی سے حاضرین کے دل جیت لیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *